چراغ تلے اندھیرا: اینٹی نارکوٹکس فورس کے انسپکٹر کا کالا کرتوت سامنے آگیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع مارچ 22, 2017 | 19:31 شام
لاہور(مانیٹرنگ رپورٹ)لاہورہائیکورٹ نے چرس فروخت کرنے کے مقدمہ میں ملوث اے این ایف کے انسپکٹررانا سہیل کی 29مارچ تک عبوری ضمانت منظوری کرلی ،کیس کی سماعت کے موقع پرملزم انسپکٹر کی ممکنہ گرفتاری کے لئے انٹی نارکوٹیکس فورس کی بھاری نفری کمرہ عدالت کے باہرموجود رہی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس مرزاوقاص رف اورجسٹس سردارمحمدسرفرازڈوگر پرمشتمل دورکنی بنچ نے اے این ایف کے انسپکٹررانا سہیل کی درخواست ضمانت پرسماعت کی۔درخواست گزارکی جانب سے موقف اختیارکیاگیا کہ اس کے خلاف 44کلوگرام چرس فروخت کروانے کابے بنیاد مقدمہ درج کیاگیا ہے۔ وہ بے قصورہے اس کی درخواست ضمانت منظورکی جائے۔عدالت میں اے این ایف کے سپیشل پراسیکیوٹر کاشف جاوید نے موقف اختیارکیا کہ بھوانہ روڈ فیصل آباد سے 44کلوگرام چرس فروخت کرنے کے الزام میں گرفتارممتازمسیح اورشہباز نے دوران تفیش انکشاف کیا کہ یہ چرس فروخت کرنے کے لئے انہیں اے این ایف کے انسپکٹررانا سہیل نے دی ہے۔ ملزمان کے بیان پرانکوائری کی گئی اورالزام درست ہونے پراے این ایف کے انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا۔ ٹرائل کورٹ نے بھی ملزم کے خلاف ٹھوس ثبوت ہونے کی وجہ سے اس کی درخواست ضمانت خارج کی۔اے این ایف کے سپیشل پراسیکیوٹرنے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کی عبوری ضمانت خارج کی جائے۔ملزم کے وکیل کے سپریم کورٹ میں مصروف ہونے کی وجہ سے عدالت نے ملزم انسپکٹررانا سہیل کی عبوری ضمانت 29مارچ تک منظورکرلی اورآئندہ سماعت پرفریقین کے وکلا ءکو بحث کے لئے طلب کرلیا ہے۔