خیرت انگیز خریداری گھر خرید کر گفٹ میں بیوی مفت پائیں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 26, 2016 | 19:15 شام

 

جکارتہ (شفق ڈیسک) دنیا میں اپنے گاہکوں کو لبھانے کیلئے مختلف کمپنیاں طرح طرح کے اشتہارات دیتی ہیں لیکن انڈونیشیاء کی ایک خاتون نے تو کمال ہی کر دیا، خاتون نے اپنا گھر فروخت کرنے کیلئے اشتہار دیا تو ساتھ ہی خود کو بھی فروخت کیلئے پیش کر دیا۔ چالیس سالہ خاتون وینا لائی نے پراپرٹی ایجنٹ کمپنی روما ڈیجوال کے ذریعے اشتہار دیا جس میں کہا گیا تھا کہ ایک خوبصورت گھر 50 ہزار برطانوی پاؤنڈ میں فروخت کیلئے پیش کیا جارہا ہے اور اسکے ساتھ مالکن بھی دستیاب ہے جو کہ گھر خریدنے والے کیساتھ شادی کریگی۔ اس اشتہار کو اتبدائی طور پر ایک مذاق سمجھا گیا لیکن جب مقامی ٹی وی چینل میٹرو ٹی وی نے خاتون سے بات کی تو انہوں نے وضاحت کی کہ یہ مذاق نہیں تھا بلکہ انہوں نے واقعی یہی اشتہار دیا کہ وہ خریدار کیساتھ شادی کرینگی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے خاوند سال 2000ء میں وفات پاگئے جس کے بعد وہ تنہائی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ خاتون کاکہنا ہے کہ اگر گھر خریدنے والے کیساتھ انکی شادی ہوجائے تو وہ گھر کی فروخت کرنے کے باوجود اس میں رہ سکیں گی۔ خریدار کیلئے ضروری ہے کہ وہ تنہا ہو اور موجودہ مالکن کیساتھ شادی کرکے ایک سنجیدہ اور ذمہ دار خاوند کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہو۔ یہ اشتہار فروری 2015ء میں دیا گیا تھا۔