نئی ہالی وو ڈ بائیو گرافیکل ڈرامہ فلم 'جیکی 'کا نیاٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 15, 2016 | 18:46 شام

سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کے گِرد گھومتی نئی ہالی وو ڈ بائیو گرافیکل ڈرامہ فلم 'جیکی 'کا نیاٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ہدایتکار پابلو لارین کی ڈائریکشن میں بننے والی اس سنسنی خیز فلم کی کہانی 1963میں ہونے والے امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کے واقعے پر بنائی گئی ہے، جس میں مرکزی کردار نٹالی پورٹمین نے جیکی کینیڈی کے کردار میں نبھایا ہے، جو جان ایف کینیڈی کی اہلیہ اور امریکی خاتونِ اول تھیں۔60 کی دہائی میں اپنی مسحور کن شخصیت سے دنیا بھر کو متاثر کرنے والی جیکی کینیڈی امریکی صدر کے قتل کے وقت ان کے ساتھ گاڑی میں موجود تھیں ۔ڈیرن ایرونسفکی اوراسکاٹ فرینکلن کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی اس فلم میں نٹالی پورٹمین کے علاوہ کیسپر فلپسن، جان ہرٹ، پیٹر سارسگارٹ، گریٹا گارویگ، میکس کسیلا،رچرڈ گرانٹ اورجارجی گلین اہم کرداروں میں جلوۂ گر ہورہے ہیں۔9ملین ڈالرلاگت سے مکمل ہونے والی یہ بائیو گرافیکل ڈرامہ فلم رواں سال وینس فلم فیسٹیول میں دھوم مچانے کے بعد فاکس سرچ لائٹ پکچرز کے تحت 2دسمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی جا رہی ہے ۔واضح رہے کہ جان ایف کینیڈی کی صدارت کے دور میں ان کی اہلیہ جیکولین کینیڈی فیشن آئیکون تصور کی جاتی تھیں، جن کا اپنایا ہوا ہر انداز فیشن میں تبدیل ہو جاتا تھا۔جان ایف کینیڈی کے قتل کے بعد جیکی نے فرانسیسی ارب پتی ارسٹوٹل اوناسس سے شادی کی، لیکن اپنے نام سے کینیڈی کو الگ نہ ہونے دیا، مرتے دم تک وہ پوری دنیا کے میڈیا کی توجہ کا مرکز رہیں اور ان کا ہر انداز قابل ستائش رہا۔