2017 ,مارچ 24
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): بالی ووڈ کے نامور پروڈیوسر و ہدایتکار کرن جوہر اداکاری کے میدان میں ناکامی کے بعد گلوکار بن گئے۔ بالی ووڈ ہدایتکار کرن جوہر کانام کسی تعارف کا محتاج نہیں اور وہ بھارتی فلم نگری میں ممتاز مقام رکھتے ہیں جب کہ کرن ڈائریکشن میں نام کمانے کے باوجود میزبانی، اداکاری اور رئیلٹی شوز میں جج کے فرائض سرانجام دیتے نظر آتے ہیں لیکن اب انہوں نے نئے میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔کرن جوہر نے اداکاری میں ناکامی کے بعد گلوکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا ہے اور میوزک ڈائریکٹرشیکھر راوجیانی کے لیے اپنی آواز میں گیت ریکارڈ کرایا ہے۔ کرن جوہر نے خواب سچ ہونے کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی ٹوئٹ میں موسیقار شیکھر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ گیت گانا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے اور مجھے امید ہے کہ لمبے عرصے تک گانے گاتا رہوں گا۔واضح رہے کہ کرن جوہر نے فلم ’’بمبئی ویلویٹ‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے اور فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوگئی تھی۔ جس کے بعد انہوں مے گلوکار بننے کا فیصلہ کیا ہے۔