معروف بھارتی گلو کارہ کو قتل کر دیا گیا

2017 ,اکتوبر 18



نئی دہلی ( مانیٹرنگ رپورٹ) ہرشیتا داہیا پرفارمنس کے بعد گھر جا رہی تھی کہ اچانک ملزم نے گاڑی روک کر ان پر فائرنگ کر دی۔ مقتولہ کی بہن نے اپنے شوہر پر قتل کا الزام عائد کر دیا  ہے۔ بھارت کی معروف لوک گلوکارہ ہرشیتا داہیا کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ روز دارالحکومت دہلی کے قریب پیش آیا۔ نامعلوم افراد نے اچانک گاڑی کے سامنے آ کر مقتولہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق مقتولہ ہرشیتا داہیا پانی پت کے قریب ایک گاؤں میں پرفارمنس کے بعد گھر واپس جا رہی تھیں کہ اچانک ایک کالے رنگ کی گاڑی میں سوار افراد نے ان کی کار کا راستہ روک لیا اور ان کے ساتھ موجود دیگر افراد کو نکال کر مقتولہ کو گولیاں مار دیں۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولہ ہرشیتا داہیا کو بہت قریب سے گولیاں ماری گئیں جو ان کی گردن پر لگیں جس سے موقع پر ہی ان کی موت واقع ہو گئی۔
یاد رہے کہ ہرشیتا داہیا نے حال ہی میں سوشل میڈٰیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ انھیں قتل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اپنے اس ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے جو چاہیں کر لیں، وہ موت سے قطعی خوفزدہ نہیں ہیں، تاہم بعد ازاں انہوں نے ان دھمکیوں کے بارے میں پولیس کو بھی اطلاع کر دی تھی۔ دوسری جانب ہرشیتا داہیا کی بہن نے الزام عائد کیا ہے کہ اس قتل کے پیچھے اس کے شوہر کا ہاتھ ہے کیونکہ وہ ہماری والدہ کے قتل کی عینی شاہد اور گواہ تھی۔ خیال رہے کہ مقتولہ ہرشیتا داہیا کا شمار بھارت کی معروف لوگ گلوکاروں میں ہوتا تھا۔ ان کا تعلق پانی پت سے تھا تاہم وہ گزشتہ 3 سال سے نئی دہلی میں مقیم تھیں۔
 

متعلقہ خبریں