فیس بک کا ریکارڈ ’’صرف موبائل‘‘ صارفین کی تعداد ایک ارب سے زیادہ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 07, 2016 | 12:44 شام

لندن (شفق ڈیسک) فیس بک کی آمدن کا 84 فیصد موبائل صارفین کی مرہون منت ہے بلاشبہ فیس بک اس وقت اس زمین کا سب سے بڑا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے۔ فیس بک نے اپنی تیسری سہ ماہی کی مالی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ستمبر میں فیس بک کے یومیہ ’’صرف موبائل‘‘ صارفین کی تعداد 1.09 ارب تھی۔ یہ پہلی دفعہ ہے کہ موبائل استعمال کرنیوالے ایک ارب سے زائد صارفین نے فیس بک استعمال کرنا شروع کیا ہے۔ تمام پلیٹ فارمز سے ہر روز فیس بک کو استعمال کرنیوالوں کی تعداد 1.18 ارب ہے۔ ستمبر 2016ء میں فیس بک کے

موبائل استعمال کرنے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 1.66 ارب تھی اور تمام پلیٹ فارمز پر فیس بک کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 1.79 ارب تھی۔ اسکا مطلب ہے کہ زمین کے 13 فیصد سے زیادہ باشندے ہر روز فیس بک استعمال کرتے ہیں اور اُن میں سے 92 فیصد موبائل سے فیس بک استعمال کرتے ہیں۔ ایک ارب سے زیادہ موبائل صارفین نے فیس بک کی آمدنی میں بھی اچھا خاصا کردار ادا کیا۔ تیسری سہ ماہی میں فیس بک کی اشتہارات سے ہونیوالی آمدن کا 84 فیصد موبائل صارفین کا مرہون منت رہا۔ پچھلے سال اسی عرصے میں یہ 78 فیصد تھا۔ اشتہارات کی مد میں فیس بک نے 6.8 ارب ڈالر کمائے جس میں سے 2.38 ارب ڈالر خالص منافع تھا۔