لندن (شفق ڈیسک) کسی بھی شخص کیلئے اولاد دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہوتی ہے۔ جن افراد کو اولاد کے حصول میں دشواری پیش آئے وہ مہنگے علاج کروانے پر مجبور ہو جاتے ہیں لیکن اب سائنسدانوں نے افزائش نسل کی کم صلاحیت والے مردوں کو اسکا انتہائی آسان علاج بتا دیا ہے جو سستا ہونیکے ساتھ موثر بھی ہے۔ رپورٹ کیمطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ’’جن مردوں کو باپ بننے میں مشکل کا سامنا ہو انہیں ہفتے میں تین بار 30 منٹ کی واک کرنی چاہیے کیونکہ واک مردوں کی افزائش نسل کی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے۔ 6 ماہ تک
یہ کام کرنے سے مردوں کے باپ بننے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہو جائیگا۔‘‘ یونیورسٹی آف شیفیلڈ کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 25 سے 40 سال کی عمر کے 261 صحت مند مردوں کا انتخاب کر کے انکے سپرمز کا تجزیہ کیا اور پھر انہیں دو گروپوں میں تقسیم کرکے ایک کو ہفتے میں 3 بار 30 منٹ تک واک کرنے یا ٹریڈ مل پر جاگنگ کرنے کو کہا، جبکہ دوسرے گروپ کو انتہائی سخت ورزش کرنیکی ہدایت کی۔ 6 ماہ بعد سائنسدانوں نے دونوں گروپوں کے اراکین کے سپرمز کا دوبارہ تجزیہ کیا، جس میں ثابت ہوا کہ جو لوگ بھاری ورزش کرتے رہے ان میں بھی سپرمز کا معیار بہتر ہو گیا تھا لیکن جو لوگ واک کرتے رہے ان میں اس کے نتائج کہیں بہتر تھے۔ ان لوگوں میں سپرمز کی مقدار 8.3 فیصد بڑھ چکی تھی، خلیوں کی حرکت پذیری میں 12.4 فیصد اضافہ ہو چکا تھا اور خلیوں کی شکل میں 17.1 فیصد بہتری آ چکی تھی۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ بہزاد حاجی زادہ مالکی کا کہنا تھا کہ ’’ہماری تحقیق کے نتائج ثابت کرتے ہیں کہ زیادہ بیٹھے رہنے کے عادی مردوں میں سپرمز کی مقدار اور معیار میں بہتری کیلئے سستا، آسان اور موثر طریقہ واک ہے۔‘‘ ٹیم کی رکن پروفیسر ایلن پیسی کا کہنا تھا کہ ’’ہماری تحقیق میں ثابت ہوا کہ مردوں کی افزائش نسل کی صلاحیت پر واک انتہائی مثبت اثرات مرتب کرتی ہے لیکن میں انہیں تجویز کروں گی کہ وہ اس دوران اپنی خوراک کا بھی خیال رکھیں۔ سگریٹ نوشی سے گریز کریں اور ڈھیلے زیرجامے پہنا کریں۔‘‘