لندن (شفق ڈیسک) کبھی کبھار ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ گویا دن ختم ہونے میں ہی نہیں آرہا اور ہم سوچتے ہیں کہ شاید ایسا بوریت کی وجہ سے محسوس ہورہا لیکن یہ جان کر حیرانی ہوں گی کہ دن واقعی لمبے ہوتے چلے جا رہے ہیں اور ایک وقت ایسا بھی آئیگا کہ دن کا دورانیہ 25 گھنٹے تک پہنچ جائیگا۔ انگلش اخبار کی رپورٹ کیمطابق یہ حیرت انگیز انکشاف برطانیہ کی ڈرہم یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کیا ایک حالیہ تحقیق میں سائنسدانوں نے 720 قبل مسیح سے لے کر حالیہ دور تک کے فلکیاتی اعداد و شمار کا جائزہ لیا۔ تح
قیق کار لیزلی موریسن کہتی ہیں کہ اس جائزے سے یہ بات واضح ہوئی کہ گزشتہ 27 صدیوں کے دوران دن کے اوسط دورانیے میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ یہ اضافہ دو ملی سیکنڈ فی صدی ہے، یعنی اس حساب سے 20 کروڑ سال میں دن کے اوسط دورانیے میں ایک گھنٹے کا اضافہ ہو جائیگا۔ لیزلی کا کہنا ہے کہ دن کے دورانیے میں اضافے کی وجہ زمین کے مدار پر اثر انداز ہونیوالی قوتیں ہیں جو رفتہ رفتہ اسکی گردش کی رفتار میں کمی کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ دن کے اوسط دورانیے میں ہونیوالا اضافہ بہت سست رفتار ہے لیکن بہرحال یہ دورانیہ بڑھ ضرور رہا ہے۔