ماہرہ خان ایشائی کی پر کشش خواتین کی فہرست میں  شامل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 20, 2016 | 20:28 شام

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک): جاندار اداکاری سے مختصر عرصے میں صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی پاکستانی اداکارہ برصغیر (ایشیا) کی پرکشش خواتین کی فہرست میں بھی شامل ہوگئیں ۔برطانوی جریدے ’ایسٹرن آئی‘ کی جانب سے ایشیاء کی پرکشش خواتین کی فہرست جاری کی گئی جس میں پاکستانی ڈراموں میں اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر بالی ووڈ میں جگہ بنانے والی اداکارہ بھی شامل ہیں۔برطانوی جریدے نے ایشیا کی پرکشش خواتین کے چناؤ کے لیے ایک سروے کروایا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے ووٹ ڈال کر اپنی رائے کا اظہار کیا، سروے کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان 9ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔جریدے کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون پہلے پریانکا چوپڑا دوسرے نیہا شرما تیسرے دھرشتی شرما چوتھے اداکارہ عالیہ بھٹ پانچویں سنایا ایرانی چھٹے کترینہ کیف ساتویں سونم کپور آٹھویں جبکہ ماہرہ خان نویں نمبر پر  جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔خیال رہے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے مختلف پاکستانی ڈراموں میں شاندار کارکردگی حاصل کر کے خوب داد کمائی جس کے بعد بالی ووڈ فلم کے ہدایت کاروں نے ان سے رابطہ کر کے فلم میں کام کرنے کی  پیش کش کی۔ماہرہ خان نے بھارتی فلموں میں کام کرنے کی حامی بھری تو قسمت اُن پر مہربان ہوئی جس کے بعد وہ کنگ خان کے ساتھ فلم ’’رئیس‘‘ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔ واضح رہے گزشتہ سال بھی ماہرہ خان ایشیاء کی پرکشش خواتین کی فہرست میں 10 واں نمبر حاصل کیا تھا۔