فلموں کو نصاب میں شامل کرنا چاہتے ہیں،مریم اورنگ زیب
لاہور(مانیٹرنگ)مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی کا تھا ، وزیر اعظم میاں محمدنوازشریف کی خصوصی دلچسپی ، افواج پاکستان اور دیگر سیکورٹی فورسز کی کاوشوں سے جس پر موثر انداز میں قابو پالیا گیا ہے۔ فلمی صنعت کی ترقی کیلئے مجوزہ فلم پالیسی وفاقی سطح پر تیارکی جا رہی ہے اور اس پر عملدرآمد میں صوبوں کا بھی اہم کردار ہوگا، وزیر اعظم محمد نواز شریف فلم انڈسٹری کی بحالی چاہتے ہیں، فلمی صنعت کی ترقی کے لئے پروفیشنل اکیڈمیز بنائی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گورنر ہاؤس میں مجوزہ فلم پالیسی 2017ء کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلم کےذریعے پاکستان کے سوفٹ امیج، ورثہ اور ادب کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ تعلیمی نصاب میں ان چیزوں کوشامل کیا جائے ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پالیسی کا مقصد اچھی فلموں کی تیاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے ۔