ٹی ٹوئنٹی سیریز افغانستان کا آئرلینڈ کیخلاف کلین سوئپ مکمل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 12, 2017 | 18:51 شام

گریٹرنوئیڈا(مانیٹرنگ ڈیسک): افغان ٹیم نے آئرش ٹیم کو روند کر رکھ دیا اور تیسرے ٹوئنٹی 20 میں 28 رنز کی فتح سے سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔205 رنز ہدف کے تعاقب میں پال اسٹرلنگ اور اسٹورٹ تھامپسن نے قدرے بہتر آغاز کرتے ہوئے ٹیم کو 65 رنز کی بنیاد فراہم کی، اسٹرلنگ صرف 20 بالز پر 49 رنز بناکر شاپور زدران کی گیند پر محمد نبی کا کیچ بن گئے، تھامپسن نے 18 بالز پر 5 چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے، انہیں امیر حمزہ نے بولڈ کیا۔ کیون اوبرائن 3 اور ولیم پورٹر فیلڈ کے 16 رنز اچھے آغاز کو آگے نہیں بڑھا پائے، ان کے آؤٹ ہونے سے دباؤ بڑھا اگرچہ گیری ولسن نے 34 بالز پر 59 رنز اسکور کیے مگر مطلوبہ رن ریٹ کے بڑھنے سے دباؤ میں بھی اضافہ ہونے لگا۔آخرکار پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 205 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ راشد خان نے 3 جب کہ حمزہ اورنبی نے 2،2 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ اس سے پہلے افغان اوپنر نجیب تاراکئی صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم محمد شہزاد نے عثمان غنی کے ساتھ مجموعے کو 97 تک پہنچایا، عثمان 23 رنز بناکر اوبرائن کی وکٹ بنے، شہزاد نے 43 بالز پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے جب کہ ساتویں نمبر پربیٹنگ کیلیے آنے والے محمد نبی نے صرف 30 رنز پر 89 رنز جڑدیے، انہوں نے اس دوران 9 چھکے اور6 چوکے رسید کیے۔اس طرح افغانستان نے 8 وکٹ پر 233رنز بنائے۔ اوبرائن نے 4 اور ملڈیر نے دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ اور زبردست کامیابی حاصل کی۔۔