پاکستان نے تیسرا ون ڈے جیتنے کے بعد سیریز بھی اپنے نام کر لی‘

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 12, 2017 | 07:13 صبح

گیانا (مانیٹرنگ  ڈیسک) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ سیریز میں کامیابی کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے ورلڈکپ میں سیٹ پکی کر لی۔ آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان ساتویں پوزیشن پر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق گیانا میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے۔ جیسن محمد 59‘ ہوپ 71رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر ویسٹ انڈین بلے باز لمبا سکور کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستان کی جانب سے عامر‘ جنید اور شاداب نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں پاکستان کا آغاز بھی مایوس کن تھا۔ کامران اکمل کھاتہ کھولے بغر ہی پہلی بال پر چلتے بنے۔ احمد شہزاد 3‘ بابر اعظم 16 رنز بنا سکے۔ مشکل وقت میں حفیظ اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بلے بازی کی۔ حفیظ نے 81 اور شعیب نے سنچری سکور کی ۔سرفراز نے 24 رنز بنائے۔ گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 44 ویں اوور میں پورا کر لیا۔