میلبرن میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بارش

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 26, 2016 | 19:08 شام

میلبرن (مانیٹرنگ ڈیسک):پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف میلبرن میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بارش کے باعث کھیل منسوخ ہونے سے قبل 142 رنز بنائے تھے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔کھیل کے اختتام پر اظہرعلی 66 اور اسد شفیق چار رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔بارش کی وجہ سے 50.5 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا۔ چائے کا وقفہ مقررہ وقت سے پہلے کر دیا گیا جس کے بعد ایک گیند بھی نہ کرائی جاسکی ۔مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم میں راحت علی کی جگہ سہیل خان کو شامل کیا گیا، جب کہ

آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔اظہرعلی اور سمیع اسلم نے اپنے مخصوص دفاعی انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 11 اووروں میں 18رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ پاکستان کی پہلی وکٹ گری جب نیتھن لائن نے سمیع اسلم کو اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ سمیع اسلم نے 41 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے نو رنز بنائے۔کھانے کے وقفے سے قبل آخری گیند پر پاکستان کو 60 کے اسکور پر بابراعظم کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔وہ تین چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر سلپ میں اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔دوسرے سیشن میں جیکسن برڈ نے یونس خان اور مصباح الحق کی قیمتی وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔یونس خان، جن کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی متعدد اپیلیں بھی ہوئیں، 21رنز بناکر بولڈ ہوئے۔کپتان مصباح الحق جو ان دنوں بڑے اسکور کی تگ ودو میں ہیں، لائن کو ایک چھکا اور پھر جیکسن برڈ کو ایک چوکا لگایا تاہم وہ اس کے بعد 11 کے انفرادی اسکور پر شارٹ لیگ پر میڈنسن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔پاکستان کی چوتھی وکٹ 125 رنز پر گری۔اظہرعلی ایک اینڈ کو اعتماد سے سنبھالے اپنی 25ویں نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔جب کھیل رکا تو وہ 66 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ ان کے ساتھ برسبین ٹیسٹ کے سنچری میکر اسد شفیق چار رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔اظہرعلی نے اپنی اننگز کے دوران 2016 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ وہ پاکستان کے پانچویں بیٹسمین ہیں جنھوں نے کلینڈر سال میں ہزار رنز بنائے ہیں۔ان سے قبل محسن خان۔ انضمام الحق، محمد یوسف اور یونس خان (دو مرتبہ) یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ اس نے برسبین میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 39رنز سے جیتا تھا۔