میلبورن ٹیسٹ : پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ، دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کے کھیل کا احوال
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 26, 2016 | 06:26 صبح
میلبورن (ویب ڈیسک) میلبورن میں بارش کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا، پہلی اننگز میں پاکستان نےآسٹریلیا کے خلاف کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنالیے۔میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا تاہم 18 کے مجموعی اسکور پر سمیع اسلم 9 رنز بناکر ناتھن لیون کا شکار بن گئے۔بابر اعظم بھی 23 رنز کے انفرادی اسکور پر کھانے کے وقفے سے پہلےآخری اوور میں ہیزلی ووڈ کے گیند پر سلپ میں اسمتھ کے کو کیچ تھما بیٹھے۔اظہر علی نے نصف سینچری اسکور کرتے ہوئے رواں برس ایک ہزار رنز بنانے والے والے پہلے پاکستانی بھی بن گئے۔
اظہر علی اور یونس خان نے پاکستان کے اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 111 رنز کے مجموعی اسکور تک پہنچایا اس کے بعد یونس خان 21 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔کپتان مصباح الحق ایک بار پھر ناکام ہوگئے اور صرف 11 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ چائے کے وقفے تک پاکستان نے 142 رنز بنالیے، اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔قبل ازیں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اورراحت علی کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا گیاجبکہ آسٹریلیوی ٹٰیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔