سائنسدانوں نے لمبی زندگی کا سب سے آسان نسخہ بتادیا

2018 ,نومبر 30



ہیلسنکی (مانیٹرنگ رپورٹ) ہائی بلڈپریشر کا عارضہ دنیا میں اموات کی چند بڑی وجوہات میں سے ایک ہے جو ہارٹ اٹیک کا سبب بھی بنتا ہے۔اب سائنسدانوں نے اس سے بچنے اور طویل زندگی پانے کا ایک انتہائی آسان طریقہ بتا دیا ہے۔میل آن لائن کے مطابق فن لینڈ کے سائنسدانوں نے نئی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایاہے کہ بھاپ سے غسل (Sauna bath) کرنا ہائی بلڈپریشر اور دل کے امراض سے بچنے کے لیے انتہائی مفید ہے۔ غسل کے اس طریقے میں ایک کمرے (جو خاص اسی مقصد کے لیے بنایا جاتا ہے) میں بھاپ پیدا کرکے جسم کو انتہائی گرم کیا جاتا ہے اور پھر ٹھنڈا کر دیا جاتا ہے۔ یہ عمل کئی بار دہرایا جاتا ہے اور سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ غسل کے اس طریقے سے نہ صرف مرض کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے بلکہ صحت مند افراد اس کے ذریعے ان امراض میں مبتلا ہونے سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں اور اپنی عمر میں اضافہ کر سکتے ہیں۔“

    تحقیق میں سائنسدانوں نے درمیانی عمر کے 1ہزار 621مردوں پر تجربات کیے۔ ان سب کا بلڈ پریشر 140/90ایم ایم ایچ جی سے نیچے تھا، جو کہ ہائی سمجھا جاتا ہے۔سائنسدانوں نے انہیں تین گروپوں میں تقسیم کیا۔ ان میں سے ایک گروپ کو ہفتے میں ایک بار، دوسرے کو ہفتے میں دو سے تین بار اور تیسرے کو ہفتے میں چار سے سات دن بھاپ والے کمرے میں غسل کرنے کو کہا گیا۔ کچھ عرصے بعد ان کا طبی معائنہ کیا گیاتو معلوم ہوا کہ جس گروپ کے لوگ ہفتے میں دو سے تین بار بھاپ سے غسل کرتے رہے تھے ان کو ہائی بلڈپریشر لاحق ہونے اور ہارٹ اٹیک آنے کے امکانات 24فیصد کم ہو گئے تھے جبکہ جس گروپ کے لوگ ہفتے میں چار سے سات بار غسل کرتے رہے تھے ان میں یہ امکانات 46فیصد تک کم ہو چکے تھے۔

    یونیورسٹی آف ایسٹرن فن لینڈ کے سائنسدانوں تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر جیری لوکانین کا کہنا ہے کہ ”ہائی بلڈپریشر کے مریضوں کو عموماً صحت مندانہ خوراک اور ورزش کی ہدایت کی جاتی ہے لیکن ہماری یہ تحقیق بلڈپریشر کو کم کرنے اور دل کے امراض سے بچنے کا ایک متبادل طریقہ سامنے لے کر آئی ہے۔ بھاپ میں غسل کرنے سے خون کی نالیاں کشادہ ہوتی ہیں جس سے جسم میں خون کا بہاﺅ درست رہتا ہے۔ اس سے نہ صرف بلڈپریشر اور دل کے امراض سے نجات مل سکتی ہے بلکہ ذہنی دباﺅ سے چھٹکارے کے لیے بھی یہ طریقہ انتہائی مفید ہے۔“

    متعلقہ خبریں