میری عمر پر نہ جا میری جوانی دیکھ

2017 ,مئی 14



میری تاریخ پیدائش 1976ء نہیں 1985ء ہے۔ میرا نے گوگل کو جھوٹا قرار دے دیا۔

یہ عمر چھپانے کا خواتین کو نجانے کیسا چسکا ہے۔ کیا مجال ہے کبھی سچ بولیں۔ کئی خواتین کو تو ہم نے متواتر کئی برس سے 20 ویں سالگرہ ہی مناتے دیکھا ہے۔ 40 سے اوپر تو شاید ہی کوئی خاتون جانے کو تیار ہو حالانکہ ان کے بچے بھی 30 ویں سالگرہ منا رہے ہوتے ہیں۔ اب نجانے کیوں میرا جی کو بھی یکدم 9 سال چھوٹا ہونے کا خیال آ گیا اور وہ گوگل پر برس پڑیں۔ اب کہیں گوگل والے 1990ء کے بعد ریلیز ہونیوالی فلموں کی تاریخ نہ کھنگالنے بیٹھ جائیں۔ پھر کیا معلوم کوئی ایک آدھ ایسی فلم دستیاب ہو ہی جائے جس میں میرا بی بی بھی جلوہ گر ہیں تو پھر کیا ہو گا۔زیادہ دور کی بات نہیں میرا جی نے جب عتیق صاحب سے نکاح کیا تو اس نکاح کے وقت موصوفہ صرف 30برس کی تھیں تو پھر یہ یکدم گزشتہ روز 32برس کی کیسے ہو گئیں۔ بے شک ہماری ہی نہیں دنیا بھر کی اداکارائیں اپنی عمر چھپاتی ہیں مگر اتنی ڈنڈی کوئی نہیں مارتا۔ میرا جی کا چہرہ مہرہ تو میک اپ کے باوجود …؎

کہاں تھے آپ زمانے کے بعد آئی ہیں

میرے شباب کے جانے کے بعد آئی ہیں

کی دہائی دیتا نظر آتا ہے۔ بہرحال اس 32یا 42کے جھگڑے سے ہمیں کیا لینا دینا۔ بس ریکارڈ درست رکھنا چاہئے۔ یہ گوگل والے تو ویسے ہی بددماغ ہیں۔ کہیں جوابی کارروائی کرکے سارا پول نہ کھول دیں۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ میرا جی اپنی32ویں یا 42ویں (جو بھی ہو) سالگرہ یتیم بچوں کے ساتھ منا رہی ہیں۔ یہ ایک اچھی روایت ہے چلیں اس بہانے بچے بھی خوش ہو جائیں گے۔ کیا ہی اچھا ہے کہ باقی بڑے لوگ بھی اپنی سالگرہ یتیم اور بے سہارا بچوں کے ساتھ منا کر انہیں خوش کیا کریں۔

متعلقہ خبریں