جشن عید میلاد النبیؐ: میاں نواز شریف نے قوم کو پیغام دے ڈالا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 12, 2016 | 04:55 صبح

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ میں آج محسن انسانیت خاتم الاانبیاءرحمتہ للعالمین حضرت محمد مصطفی کی پیدائش کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔عید میلادالنبی کا دن ہمیں ایثار ، قربانی ، رواداری ، مواخات اور وحدت ملت اسلامیہ کے زریں اصول یاد کرانے کا ذریعہ ہے اور اس فلاح و نجات کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ جو حضرت محمد مصطف

ی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر مسلمانوں کو حاصل ہوسکتی ہے

۔12ربیع الاول کا دن وجہ وجود کائنات کے ظہور میں آنے کا دن ہے۔ تاریخ ہمیشہ ان مقدس لمحات پر نازاں رہے گی جو اس روشن صبح کے دامن میں سمٹ آئے تھے۔ انسان دشمنی ، ظلم و بربریت ، جہالت ، جبر و استبداد اورگمراہی کی تاریخ کو ظہور قدسی کے ان مبارک لمحات نے یکسر بدل کر رکھ دیا۔ تہذیب انسانی کو وقار ، ثقافت کو تقدس ، علم کو وسعت ، فکر کو ندرت ، عمل کو طہارت ،معاملات میں عفوو درگذر اور جذبات کو پاکیزگی بخش دی گئی۔محبت و اخوات او رمروت و خلوص کے گلستان آباد کردیئے گئے۔ماہ ربیع الاول ہمیں حضرت محمد مصطفی سے عشق و محبت کا پیغام دیتا ہے۔ سرزمین پاکستان ہمیشہ سے نبی کریم کے جانثاروں سرفروشوں اورپیروکاروں کی زمین رہی ہے۔ حتی کہ اس کی بنیادوں میں بھی ریاست مدینہ کا عکس موجود ہے۔اس بابرکت دن کی تمام محفلیں دراصل تحدیث نعمت ہیں جن کا انعقاد آپ کی ذات اقدس سے تعلق کے اظہار اور آپ کے لائے ہوئے پیغام ہدایت کو عام کرنے کے لئے کیا جاتا ہے۔ ہمیں اس مبارک موقع پر عہد کرنا چائیے کہ ہم انتہا پسندانہ سوچ اور علاقائی تعصبات کو خیر باد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی او رخوشحالی کے لئے کام کریں گے۔ آج اس نازک صورتحال میں ہمیں اپنی فوج کے ہمراہ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے جو ضرب عضب اور دیگر محاذوں پر بے پناہ قربانیاں پیش کررہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرت محمد مصطفی کے اسوہ حسنہ کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنایا جائے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زندگیوں کو سنت مطہرہ کے سانچے میں ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔