محمد عرفان پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 29, 2017 | 18:07 شام

 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر محمد عرفان پر ایک سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی قانونی ٹیم کا کہنا تھا کہ محمد عرفان کو ایک سال کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے جس میں سے وہ 6 ماہ کے لیے کرکٹ سے معطل رہیں گے۔ اگر اس دوران محمد عرفان ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے سمیت پی سی بی کے اینٹی کرپشن لیکچر کا حصہ بنیں گے تو ان کی بقیہ 6 ماہ کی پابندی ختم ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ پابندی کے دوران وہ ہر قسم کی کرکٹ سے دور رہیں گے اور ان کا سینٹرل کنٹریکٹ بھی معطل رہے گا۔پریس کانفرنس کے دوران محمد عرفان کا کہنا تھا کہ 14 مارچ کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں انہیں معطل کردیا گیا تھا، انہیں دو الگ الگ جگہ پر اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے پیشکشیں ٹھکرا دی تھیں، بدقسمتی سے اس کی اطلاع پی سی بی کو نہیں دے پایا جس پر قوم سے معافی مانگتا ہوں۔واضح رہے کہ سینٹرل کانٹریکٹ کے تحت محمد عرفان کو ماہانہ 5 لاکھ روپے تنخواہ دی جاتی ہے اس لحاظ سے انہیں 300 لاکھ روپے سے محروم ہونا پڑے گا ، اس کے علاوہ وہ آئی سی سی چیمئینز  ٹرافی سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔لیکن سزا پوری کرنے کے بعد وہ ایک بار پھر کرکٹ میں واپس آ سکتے ہیں۔۔۔۔