2017 ,اگست 17
ایتھنز(مانیٹرنگ ڈیسک)یونان کے مشہور سیاحتی جزیرے زانتے کی سیر کو جانے والی کچھ نوجوان لڑکیوں کے ساتھ ایسا پراسر ار واقع پیش آ گیا ہے کہ جس کی دوسری مثال ڈھونڈنا ممکن نہیں۔ یہ لڑکیاں ہوٹل کے کمرے میں موجود تھیں لیکن کچھ وقت کیلئے باہر بالکونی پر چلی گئیں۔ اس دوران کمرے کا دروازہ کھلا رہ گیا تھا۔جب لڑکیاں باہر بالکونی پر تھیں تو ان کے کمرے میں کوئی نامعلوم شخص گھس آیا لیکن اس نے کوئی چیز چرانے کی بجائے ایک لڑکی کے موبائل فون پر ایک ویڈیو میسج ریکارڈ کیا اور فرار ہوگیا۔یہ ایک ایسا میسج تھا کہ جسے دیکھ کر نہ صرف لڑکیاں دنگ رہ گئیں بلکہ اس کے متعلق جان کر انٹرنیٹ صارفین بھی خوب محظوظ ہوئے ہیں۔ اٹھارہ سالہ لڑکی میک کوریگان نے بتایا کہ جب وہ سب سہیلیاں ہوٹل سے روانگی کے بعد ائرپورٹ کی جانب رواں دواں تھیں تو اس نے اپنے موبائل فون میں وہ ویڈیو میسج دیکھا۔ اس ویڈیو میں ایک لڑکا انہیں مخاطب کر کے کہہ رہا تھا ”اپنی چیزوں کا دھیان رکھا کرو۔ یوں بے فکری سے دروازے کھلے چھوڑ کر چلی جاتی ہو جیسے یہاں کچھ غلط ہو ہی نہیں سکتا۔ اگر میں اندر گھس سکتا ہوں تو کوئی خطرناک مجرم بھی اسی طرح اندر آ سکتا ہے۔ آئندہ ایسی غلطی نہ کرنا۔“ اس پیغام کے بعد ویڈیو کا اختتام ہو جاتا ہے۔
میک کوریگان نے اس واقعے کے متعلق بتایا کہ ”ہم سب سہیلیاں باہر بالکونی پر تھیں اور کمرے کو کھلا چھوڑ گئی تھیں۔ ہمارے موبائل فون بھی اندر ہی تھے۔ بس اس دوران وہ لڑکا اندر آیا اور یہ ویڈیو ریکارڈ کرکے چلا گیا۔ جب ہم واپسی پر ائیرپورٹ کی جانب جارہی تھیں تو تب مجھے یہ ویڈیو نظر آئی۔ ہمارے کمرے سے کچھ بھی چوری نہیں ہوا تھا، بلکہ وہ لڑکا تو ہماری سرزنش کرتے ہوئے ہمیں محتاط رہنے کا پیغام دے کر چلا گیا تھا۔ یہ بہت ہی حیرتناک واقعہ ہے۔“