گزشتہ روز ’ایلون مسک‘ کی کمپنی’ٹیسلا‘ کی جانب سے دنیا کی طاقتور ترین بیٹری کو اپنی گاڑی میں متعارف کروائے جانے سے متعلق لکھا، تو دوستوں کی جانب سے اس تحریر کو کافی پذیرائی ملی۔ ’جیمینائی‘ نامی یہ بیٹری صرف ایک چارج میں کسی الیکٹرگ گاڑی کو 1200کلومیٹر تک کا طویل سفر کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔خصوصی طور پر الیکٹرک گاڑیوں کیلئے تیار کردہ اس بیٹری سے متعلق مزید ریسرچ کی تو ایک انتہائی دلچسپ بات معلوم ہوئی۔ رواں برس دنیا کی طاقتور ترین بیٹری کی ایجاد کرنے والا یہ موجد اور کوئی نہیں بلکہ پاکستان کے ’مجی
ب اعجاز‘ ہیں۔ جو امریکا میں ’ون نیکسٹ انرجی‘ (ون نیکسٹ انرجی) کے نام سے ایک ایسی کمپنی چلا رہے ہیں، جو بڑی تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔ مجیب اعجاز نے ’جیمینائی بیٹری‘ ایجاد کر کے 21ویں صدی کی سب سے بڑی ایجادوں میں سے ایک کا سہرا اپنے سر سجایا ہے۔مجیب نے اپنی کمپنی کی بنیاد ہی اِس مقصد کے ساتھ رکھی کہ وہ الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں کیلئے ایک ایسی جدید ترین بیٹری تیار کریں گے جو اِن کے ایک چارج میں زیادہ طویل سفر طے کرنے کے مسئلے کو حل کر سکے۔
لیکن مجیب اعجاز کے پاس اپنی کوئی ذاتی پراپرٹی یا ایسی کوئی چیز نہ تھی جسے فروخت کرکے وہ کسی ایسی کمپنی کا آغاز کر سکتے جو مستقبل کی جدید بیٹریاں تیار کرے، ایسے میں انہوں نے اپنا پلان بل گیٹس اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص جیف بیزوس کے سامنے رکھا۔مذکورہ دونوں شخصیات کو اِن کا پلان پسند آیا اور انہوں نے مجیب کی کمپنی میں 25ملین ڈالر(تقریباً 4ارب 50 کروڑ پاکستانی روپے) کی سرمایہ کاری کر دی اور آج مجیب نے ’جیمینائی بیٹری‘ تیارکر کے بل گیٹس اور جیف بیزوس سے کیا اپنا وعدہ پورا کر دیا۔
مجیب اعجاز کی ’جیمینائی بیٹری‘ کو دنیا کی امیر ترین شخصیت ’ایلون مسک‘ کی جانب سے اپنی گاڑیوں کیلئے منتخب کرنا، نہ صرف مجیب کیلئے بڑی کامیابی ہے بلکہ پاکستان اور پوری پاکستان قوم کیلئے باعث فخر ہے۔آج آپ امریکا کی کسی بھی بڑی ٹیک کمپنی کو دیکھ لیں، جس سے آپ واقف ہوں، اُن میں سے بیشتر کمپنیوں کے سی ای اوز کا تعلق بھارت سے ہو گا۔ مثال کے طور پر گوگل کے سی ای او’سندر پیچائی‘ کا تعلق بھارت سے ہے، جو بھارت کے ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے اور اپنی ہمت اور لگن سے آج دنیا کی سب سے بڑی ٹیک کمپنی کے ’سی ای او‘ بن گئے۔سندر پیچائی کی صرف ایک ماہ کی تنخواہ 36کروڑ سے زائد ہے۔اسی طرح ایک اور بڑی ٹیک کمپنی جس کے بانی ’بل گیٹس‘ ہیں کا نام ’مائیکروسافٹ‘ ہے۔
مائیکروسافٹ کے سی ای او ’ستیا ناڈیلا‘ کا تعلق بھی بھارت سے ہےجو مائیکروسافٹ سے 44کروڑ ماہانہ تنخواہ لے رہے ہیں اور بھی ایسی بہت ساری کمپنیاں ہیں جن کا ذکر یہاں کیا جاسکتا ہے، لیکن ہمارا مقصد آج ’مجیب اعجاز‘ کو ہائی لائٹ کرنا ہے جنہوں نے دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی کمپنی ’ٹیسلا‘ کیلئے ایک ایسی چیز تیار کر دی ہے ، جسے ’ٹیسلا‘ نے اپنی گاڑیوں میں بڑے فخر سے متعارف کروایا ہے۔ مجیب سے متعلق دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی سمارٹ فون ساز کمپنی ’ایپل‘ ایپل میں بطور سینئر ڈائریکٹر بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں، علاوہ ازیں وہ امریکی گاڑی ساز کمپنی ’فورڈ‘ فورڈ سے بھی منسلک رہے۔انہوں نے فورڈ کیلئے الیکٹرک ہائبرڈ گاڑیاں تیار کیں- مجیب 30مختلف اقسام کی بیٹریوں سے متعلق ٹیکنالوجیز تیار کر چکے ہیں اور ’جیمینائی بیٹری‘ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
ٹیسلا دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی ہے۔ ٹیسلا کی جانب سے مجیب اعجاز کی ایجاد کردہ ’جیمینائی بیٹری‘ کا تجربہ ’ٹیسلا ماڈل ایس‘ میں کامیابی سے کر لیا گیا ہے۔ جس کے بعد اِس بات کی امید ہے کہ ’کیا موٹرز‘، ’مرسیڈیز‘، ’فورڈ‘ اور دیگر الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیاں بھی اِس نئی اورجدید ٹیکنالوجی کا ہاتھوں ہاتھ لیں گی، جس سے مجیب اعجاز کی کمپنی ’ون نیکسٹ انرجی‘ ممکن ہے کہ چند برسوں میں ملین ڈالرز کا کاروبار کرے۔
مجیب اپنی نئی ایجاد ’جیمینائی بیٹری‘ کا حوالے دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ آج کے جدید دور میں ایک چارج میں 480کلومیٹر تک چلنے والی الیکٹرک گاڑیاں صارفین کی ضرورت کو پورا نہیں کر سکتیں، اِس لیے ہمیں ایک ایسی ہائیبرڈ بیٹری کی ضرورت تھی جو نہ صرف ماحول دوست اور کم بجلی خرچ کرنے والی ہو، بلکہ اِسے اِس قابل بھی ہونا چاہیے کہ ایک چارج میں 1ہزار سے 12سو کلومیٹر تک کا سفر کر سکے۔موجیب اعجاز پاکستان کا مثبت چہرہ ہیں جن کیلئے ’ہڈن فگر‘، (ہیڈن فنگر) کی اصطلاح استعمال کی جا سکتی ہے، یعنی ایک ایسی شخصیت جو گم نامی میں رہ کر بڑے کارنامے انجام دے رہا ہے۔ 54سالہ مجیب اعجاز پاکستان کا ٹیلنٹ ہیں، جو بین الاقوامی ٹیکنالوجی مارکیٹ کے افق پر جگمگا رہا ہے۔ اللہ
انہیں مستقبل میں مزید کامیابیوں سے نوازے۔
(مہر ماہ )