اداکار ننھا کی 31 ویں برسی آج منائی جائے گی
کراچی:(مانیٹرنگ ڈیسک) مشہور زمانہ ٹی وی سیریل ’الف ن‘ کا ذکر آتے ہی مزاحیہ اداکار ننھا کا کردار ذہنوں میں گردش کرنے لگتا ہے۔ منفرد اداکاری کےذریعے فلم اور ٹی وی سکرین پر راج کرنے والے رفیع خاور عرف ننھا کو گزرے 31 برس بیت گئے ہیں۔
مزاحیہ فن اداکاری کا مرکزی کردار رفیع خاورعرف ننھا 4 اگست 1944 کو ساہیوال میں پیدا ہوئے، انہوں نے فنی سفر کا آغاز تھیٹر سے کیا تاہم مشہور ٹی وی ڈرامہ ’الف ن‘ ننھا کی پہنچان بن گیا۔ہردلعزیز گول مٹول چہرے کے تاثرات سے لوٹ پوٹ کر دینے والے رفیع خاور نے فلمی سفر کا آغاز 1966 میں فلم ‘وطن کا سپاہی’ سے کیا، ننھا کی ٹائٹل رول پر مشتمل فلم ‘سالا صاحب’ لاہور میں 300 ہفتے تک سنیما کی زینت بنی رہی، ان کی دیگر یادگار فلموں میں سوہرا تے جوائی، نوکر تے مالک، نمک حلال، تیری میری اک مرضی، مہندی اور دیگر قابل ذکر ہیں۔اداکار ننھا پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک معتبر نام تھا جس نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں فلمی دنیا میں ایک اہم مقام حاصل کیا جو کہ فلم بینوں کوہمیشہ یاد رہے گا۔ خوشیاں اور مسکراہٹیں بانٹنے والا ننھا 2 جون 1986 کو دنیا سے رخصت ہوگیا۔