انٹر نیٹ بند: نیٹ استعمال کرنے والوں میں صفِ ماتم بچھ گیا

2017 ,اگست 8



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): زیر زمین انٹرنیٹ سسٹم میں خرابی کی وجہ سے ایک دو روز کےلئے پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر رہی جس سے نیٹ استعمال کرنے والوں میں جو صف ماتم بچھی اس کا شاہد پورا ملک ہے۔ کیا جوان کیا بچے کیا بوڑھے کیا خواتین سب ہاتھوں میں موبائل تھام کر سینہ کوبی کرتے نظر آئے۔ حالت ان کی یہ تھی کہ گویا کوہ الم ان پر ٹوٹ پڑا ہے۔ رنگت اڑی ہوئی، ہونٹ خشک، آنکھوں سے آنسوﺅں کی برسات، ناک سے شوں شوں کا شور نہ لباس کی پرواہ نہ روٹی کی فکر ، ہر طرف عجب سراسیمگی پھیلی رہی۔ لوگ ایک دوسرے سے حال احوال پوچھنے کی بجائے پاگلوں کی طرح بس ایک ہی سوال کئے جا رہے تھے کہ انٹرنیٹ کب بحال ہوگا۔ کیا آپ کی سروس آ رہی ہے۔ ایسی تکلیف دہ صورتحال تو کسی کے مرگ پر دیکھنے میں نہیں آتی جو انٹرنیٹ کی بندش سے ملک میں نظر آ رہی تھی۔سب سے برا حال ان بچوں اور بچیوں، لڑکوں اور لڑکیوں کا تھا جن کی انگلیاں چوبیس گھنٹے ٹک ٹک کرتے ہوئے بھی نہیں تھکتیں تھیں۔ جن کی نظریں ایک لمحے کو بھی موبائل اور لیپ ٹاپ کی سکرین سے نہیں ہٹتیں تھیں۔ وہ تو لگ رہا تھا نشہ ٹوٹنے والی اذیت سے دو چار ہیں۔ اب جیسے ہی انٹرنیٹ سروس بحال ہوئی ان سب متاثرین انٹرنیٹ کے چہرے کی رونقیں بحال ہو گئیں اور وہ ایک بار پھر زندی میں لوٹ آ گئے ہیں۔ ورنہ اگر یہ سروس مزید چند روز بند رہتی تو خطرہ تھا کہ متاثرین کی بڑی تعداد کہیں ذہنی توازن کھو نہ بیٹھے۔

متعلقہ خبریں