امریکا نے شمالی کوریا کے بحری جہاز کو اغوا کر کے عملے کو یرغمال بنالیا

2019 ,مئی 11



واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک): امریکا نے شمالی کوریا کے بحری جہاز کو قبضے میں لیکر عملے کے 24 ارکان کو گرفتار کرلیا ہے۔  امریکا نے شمالی کوریا کے لیے کوئلے کی مال برداری کے لیے استعمال ہونے والا بحری جہاز وائس ہونیسٹ کو اغوا کرکے عملے کے 24 ارکان کو یرغمال بنا لیا ہے، تاہم جہاز اور عملے کو حراست میں لینے کے مقام اور تاریخ سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے بحری جہاز وائس ہونیسٹ کو عالمی برادری کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ہے، اس جہاز کے ذریعے عالمی پابندیوں کے برخلاف شمالی کوریا کے لیے کوئلے کی مال برداری کی جا رہی تھی۔

ادھر امریکی محکمہ انصاف کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدا میں شمالی کوریا کے کارگو شپ وائس ہونیسٹ کو انڈونیشیا کے حکام نے گزشتہ ماہ اپریل میں روکا تھا، اس وقت بھی جہاز کے عملے کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ امریکی محکمہ انصاف کے حکام نے یہ اعتراف بھی کیا کہ انڈونیشیا حکام کی تحویل میں بحری جہاز کی مرمت اور تکنیکی ساز و سامان کی خریداری کے لیے ادائیگی امریکی بینک سے اور امریکی کرنسی میں کی گئی اور ایسا غلطی سے ہوا۔ شمالی کوریا نے اپنے بحری جہاز کے زیر حراست ہونے کے معاملے پر شدید تنقید کرتے ہوئے امریکا پر واضح کیا ہے کہ وہ کوئی ایسا اقدام نہ اُٹھائے جس سے عالمی امن خطرے میں پڑ جائے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے۔

متعلقہ خبریں