”اس وقت سیاستدانوں کی بجائے کوئی اور نشانے پر ہے“، چودھری منظور نے بڑا دعویٰ کردیا

2019 ,جولائی 16



لاہور (مانیٹرنگ رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور نے کہاہے کہ اس وقت سیاست دان نشانے پر نہیں ہیں بلکہ سیاست نشانے پر ہے ، تحریک انصاف شرم کی بات کرتی ہے،عوام مہنگائی سے مرگئی لیکن تحریک انصاف کو شرم نہیں آتی ، حکومت کواپنے دعوے ناکام ہوتے دیکھ کربھی شر م نہیں آتی ہے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری منظور نے کہا کہ میں کبھی کسی ایک دورے میں بھی نہیں گیا، اس وقت سیاست دان نشانے پر نہیں ہیں بلکہ سیاست نشانے پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف شرم کی بات کرتی ہے لیکن ان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ہم جب حکومت میں آئیں گے تو لوگ لائنوں میں لگ کر ٹیکس دیں گے لیکن ان کی حکومت میں پانچ سوارب روپے ٹیکس کم اکٹھا ہوا ، کیا ان کوشرم آتی ہے؟

    چودھری منظور کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ فلاں ملک کا وزیر اعظم سائیکل پر آفس جاتاہے لیکن خود اب ہیلی کاپٹر پر آفس جاتے ہیں ، کیا ان کوشرم آتی ہے ؟ دوائیوں کی مہنگائی پر وزیر نکالا لیکن کیا نیب نے اس کوپکڑا ہے ، اس پر کوئی شرم نام کی چیز ہے ۔ چودھری منظور نے کہا کہ آٹا مہنگا کرکے کے پی میں نانبائیوں کوگرفتار کیا جارہاہے ، کیا اس پر شرم آتی ہے ؟عوام مہنگائی سے مرگئی لیکن تحریک انصاف کو شرم نہیں آتی ، حکومت کواپنے دعوے ناکام ہوتے دیکھ کربھی شر م نہیں آتی ہے ۔

    متعلقہ خبریں