بھارت میں مسافر ٹرین 10 کلومیٹر تک بغیر انجن کے چلتی رہی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ میں محکمہ ریلوے کی غفلت کے باعث مسافروں سے بھری ٹرین نے بغیر انجن کے 10 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرلیا۔ ریاست اڑیسہ میں احمد آباد پوری ایکسپریس کی مسافروں سے بھری 22 بوگیاں بغیر انجن کے چلتی رہیں، تتلاگڑھ اسٹیشن پرٹرین کا انجن دوسرے رخ کی طرف لگنے کے لیے علیحدہ کیا گیا تو ٹھیک سے بریک نہ لگنے کی وجہ سے ٹرین پیچھے کی طرف چل پڑی اور تقریبا 10 کلومیٹر کا فاصلہ بغیر انجن کے طے کرلیا تاہم واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
عینی شاہد کی طرف سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرین بغیر انجن کے چل رہی ہے اور مسافر مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔وزارت ریلوے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکڑوں مسافروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے پر غفلت برتنے والے 7 افسران کو معطل کردیا جب کہ واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں دنیا کا بڑا ریلوے نیٹ ورک ہے جس میں 9 ہزار ٹرینیں روزانہ لاکھوں مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچاتی ہیں۔