وسط مدتی انتخاب کا دعویٰ شہباز شریف کے ذہنی دیوالیہ پن کا واضح اظہار ہے،نعیم الحق

2019 ,جون 29



اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے شہبازشریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ وسط مدتی انتخاب کا دعویٰ ان کے ذہنی دیوالیہ پن کا واضح اظہار ہے،عام انتخابات میں شکست کے زخم چاٹنے والے کسی نئے انتخاب کے متحمل نہیں ہوسکتے،یہ جانتے ہیں کہ انتخاب ہواتوعمران خان دوتہائی سے زیادہ کی اکثریت لےجائیں گے،میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف کے مطالبے کوسنجیدگی سے لینا ممکن نہیں،شہبازشریف کی جانب سے پی اے سی کی سربراہی چھوڑنے کااعلان بھی انتشارکے اسی سلسلے کی کڑی ہے،حزب اختلاف کی چیرہ دستیوں،سازشوں کے باوجود بجٹ منظوری وزیراعظم، انکی حکومت کا کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی جماعت سمیت حزب اختلاف بجٹ منظورنہ ہونے دینے کی کھلی دھمکیاں دیتی رہی،قوم نے دیکھا کہ کس طرح پارلیمان کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی، انہوں نے کہا کہ قوم مکمل طور پر آگاہ ہے کہ حزب مخالف کا ایجنڈا انتشار اورفساد سے زیادہ کچھ نہیں،یہ ٹولہ ایوان بالا کے چیئرمین کیخلاف محاذ برپاکرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، نعیم الحق کا کہناتھا کہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ جو مرضی سازش کرلیں،قومی اداروں کو یرغمال نہیں بننے دیں گے،سیاسی انتشاربرپاکرکے معاشی ترقی کی منزل کھوٹی کرنےکی سازش بھی ناکام بنائیں گے۔

    متعلقہ خبریں