ہارٹ اٹیک سے انتقال کرنے والی نامور بالی ووڈ شخصیات

2018 ,فروری 28



ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): بالی ووڈ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرنے والی شخصیات میں سری دیوی تنہا نہیں بلکہ اس فہرست میں کئی دیگر نامور شخصیات بھی شامل ہیں۔  بالی ووڈ سے وابستہ بہت سی ایسی نامور شخصیات ہیں جنہوں نے اپنی اداکاری سے مداحوں کو اپنا گرویدہ بنایا اور ان کی اداکاری کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے لیکن اوروں کے دلوں میں بس جانے والی ایسی شخصیات دل کا دورہ پڑنے سے دنیا فانی سے رخصت ہوئیں۔

دیو انند

بالی ووڈ کے ماضی کے نامور اداکار دیو آنند 26 ستمبر 1923 کو غیر منقسم پنجاب کے ضلع گورداس پور کی تحصیل شکر گڑھ میں پیدا ہوئے جب کہ انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی پاکستانی پنجاب میں حاصل کی  بعد ازاں  انہوں نے ایک اداکار کی حیثیت سے اپنی پہچان بنائی اور لندن میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

اندر کمار

 90 کی دہائی کے مقبول اداکار اور سلمان خان کے گہرے دوست اندر کمار کا انتقال بھی دل کا دورہ پڑنے سے ہوا وہ گزشتہ سال 43 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئے تھے۔

اوم پوری

معروف اداکار اوم پوری نے بھارتی اور پاکستانی فلموں کے علاوہ  ہالی ووڈ اور برطانوی فلموں میں بھی کام کیا اور اپنی شاندار اور منفرد اداکاری کے باعث بھارت کا چوتھا بڑا سویلین ایوارڈ پدما شری اپنے نام کیا، وہ 66 برس کی عمر میں  دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔

ریما لاگو

بالی ووڈ میں سب سے زیادہ درد مند ماں کا کردار نبھانے والی اداکارہ ریما لاگو نے اپنے فنی کرئیر کا آغاز مراٹھی فلموں سے کیا اور بہت سی بالی ووڈ کی فلموں میں بھی اداکاری کی جوہر دکھائے اور 59  سال کی عمر میں دل کے دورے کے باعث چل بسیں۔

رزاق خان

مزاحیہ اداکار رزاق خان نے 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’روپ کی رانی چوروں کا راجا‘‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا اور اپنے کیرئیر میں 90 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے عمر کے آخری ایام میں  دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور وہ ریاست مہاراشٹرا کے شہر باندرا کے ہولی فیملی اسپتال میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔

متعلقہ خبریں