پی ٹی ایم کے رہنما محسن داوڑ کو عدالت نے کہاں منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا؟۔۔۔ تفصیلات جانئیے اس خبر میں

2019 ,جون 7



بنوں(مانیٹرنگ رپورٹ) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی ایم رہنماء محسن داوڑ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔سی ٹی ڈی نے محسن داوڑ کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں حکام کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے عدالت کی جانب سے مسترد کر دیا گیا اور سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر سینٹرل جیل پشاور منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت کی جانب سے محسن داوڑ کو 19 جون کو دوبارہ عدالت میں طلب کیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو پہلے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ محسن داوڑ کے خلاف 26 مئی کو شمالی وزیرستان کے علاقے خر کمر میں فوج کی ایک چوکی پر حملے کا مقدمہ درج ہے۔ مقدمے میں محسن داوڑ کے علاوہ جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور سات دیگر افراد بھی نامزد ہیں۔

    متعلقہ خبریں