سبحان اللہ۔۔۔!!! وقوف عرفہ کے دوران میدان عرفات میں بارش، حاجیوں کی صدائیں بلند

مکّہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) میدان عرفات میں وقوف عرفہ کے دوران بارش ہونے لگی، وقوفِ عرفہ کیلئے ہفتے کے روز 20 لاکھ سے زائد عازمین حج میدانِ عرفات پہنچے۔ تفصیلات کے مطابق آج پُوری اُمتِ مُسلمہ حج بیت اللہ کی برکات و فیوض سمیٹ رہی ہے۔ وقوفِ عرفہ کیلئے ہفتے کے روز 20 لاکھ سے زائد عازمین حج میدانِ عرفات پہنچے۔ اس دوران میدان عرفات میں موسلادھار بارش ہونے لگی۔اس حوالے سے معروف مذہبی اسکالر عامر لیاقت حسین کی جانب سے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا گیا۔ عامر لیاقت حسین کہتے ہیں کہ “”میدان عرفات میں وقوف عرفہ کے دوران بارش شروع بزرگوں کا قول ہے وقوف عرفہ کے دوران اللہ سے رحمت طلب کی جاتی ہے اور اگر کسی ایک کا بھی طلب کرنے کا انداز اللہ کو پسند آجاتا ہے تو وہ سیدنا میکائل کو بارش برسانے کاحکم دے دیتا ہے یہ حجاج کی آنکھوں سے برستی بارش کی قبولیت ہے واللہ اعلم”۔دوسری جانب وقوف عرفہ کے دوران مسجد نمرہ کے امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے حج کا خطبہ دیا۔ جس دوران انہوں نے اُمت مُسلمہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت بہت وسیع ہے۔ اے عقل والو، اللہ کی اس کائنات اور اس کے نظام پر بار بار غور کرو۔مسلمانوں کو تقویٰ کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، نماز قائم کریں۔اللہ نے قرآن میں فرمایا، آج کے دن ہم نے دِین مکمل کر دیا۔ نجات کا راستہ صرف اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے میں ہے۔ اللہ نے قرآن میں فرمایا جدا جدا راستے نہ اختیار کیے جائیں۔ اللہ کی توحید اور وحدانیت کو مضبوطی سے پکڑنا چاہیے۔جو اللہ سے ڈرتا ہے اللہ اسے دُنیا اور آخرت کے خوف سے نجات دلاتا ہے۔اسلام دین رحمت ہے اور رحمت کا راستہ ہے۔تمہارے پاس اللہ کی دلیل آ چکی ہے۔ اللہ کی اس نعمت اور فضل پر خوب خوشیاں منائیں۔ قرآن میں فرمایا گیا اللہ اپنی رحمت سے جسے چاہتا ہے، علم عطا فرماتا ہے۔ والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کریں۔ اپنے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کریں۔ رسول اللہ نے فرمایا، تم زمین پر رحم کرو اللہ تم پر رحم فرمائے گا۔ اُمت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے۔نفرتیں ختم کرے۔ انسان ہو یا جانور، سب سے رحمت کا معاملہ کریں۔اگر اللہ کا فضل نہ ہوتا تو سب شیطان کی ہی اتباع کرتے۔ اللہ کی بارگاہ میں سجدہ ریز رہیں۔ تلاوت قرآن پاک کی عادت بنائیں۔ جس بارے میں معلوم نہ ہو، اس پر علماء کرام سے رابطہ کریں۔ مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے۔ کوئی تکلیف پہنچے تو کہیں انا للہ انا الیہ راجعون۔ مومن ایک دوسرے کے لیے مغفرت کی دُعا کرے۔نماز قائم کریں، بُرائی کو روکیں۔ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کریں۔ اہل ایمان اللہ سے رحمت مانگیں۔ فرشتے اہل ایمان کے لیے رحمت کی دُعا کرتے ہیں۔ اللہ کی رحمت کی طرف توجہ کرنی چاہیے۔ اپنے گناہوں سے توبہ کرو۔ اللہ کی رحمت کے درواز ے کھُلے ہیں۔ حجاج کرام، آپ لوگ وہاں موجود ہیں جہاں رحمتوں کا نزول ہو رہا ہے۔ حجاج کرام دُعا میں مشغول رہیں، سب کے لیے دُعائیں کریں۔اللہ کی رحمت سے وہی مایوس ہوتا ہے جو گمراہ ہو چکا ہو، نماز قائم کرو، اللہ کے احکام کی پیروی کرو۔ امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے خادم الحرمین شریفین اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ان کی حکومت کے لیے بھی دُعا کرائی۔ اس موقع پر امام حسن آل الشیخ کا کہنا تھا کہسعودی حکومت نے حجاج کے لیے بہت خدمات کی ہیں۔ سعودی حکومت کی کوششوں سے حجاج کو ہر قسم کی سہولت مل رہی ہے۔