بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک ہو گئی
نئی دلی(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک ہوگئی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ اچانک بند ہوگئی ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ویب سائٹ ہیک کی گئی ہے یا کوئی فنی خرابی ہوئی ہے۔

بی جے پی کی ویب سائٹ کے مبینہ طور پر ہیک ہونے کی خبر سب سے پہلے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور یہ اطلاع دینے والی اپوزیشن جماعت کانگریس کی سوشل میڈیا منیجر دیویا اسپندانا تھیں۔ کانگریس کے بعد بھارت میں مقبول ہوتی قدرے نئی سیاسی جماعت ’عام آدمی پارٹی‘ کے ترجمان نے کہا کہ جو لوگ ای وی ایم کے ہیک نہ ہونے کا دعویٰ کرتے تھے وہ خود اپنی پارٹی کی ویب سائٹ کو ہیکرز سے نہ بچاسکے۔ دوسری جانب ویب سائٹ ہیک ہونے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کسی قسم کا موقف سامنے نہیں آیا ہے، تاہم ویب سائٹ وزٹ کرنے والوں کو اسکرین پر ایک میسیج نظر آتا ہے جس میں صارفین سے معذرت کرتے ہوئے ویب سائٹ جلد بحال ہونے کا عندیہ دیا گیا ہے۔