قمر زمان کائرہ نے سوشل میڈیا پر ایسا پیغام جاری کر دیا کہ پورا پاکستان افسردہ ہوگیا

2019 ,مئی 18



لالہ موسیٰ (مانیٹرنگ ڈیسک ) جوان اولاد کو اپنے ہاتھوں سے منوں مٹی تلے دفن کرنا کسی بھی انسان کی زندگی کا سب سے مشکل ترین لمحہ ہوتا ہے ۔ کہتے ہیں کہ والدین اولاد کے کندھوں پر جاتے اچھے لگتے ہیں لیکن اللہ کسی ماں باپ کو اولاد کا دکھ نہ دکھائے۔ قمر زمان کائرہ کا جواں سال صاحبزادہ جمعہ کے روز افطاری سے کچھ دیر قبل ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوا تو کائرہ فیملی پر قیامت ہی ٹوٹ پڑی۔ پورے ملک نے قمر زمان کائرہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا لیکن انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے بیٹے کے بارے میں ایسی نظم شیئر کی ہے کہ پڑھ کر انسان کی آنکھوں سے آنسوﺅں کی جھڑی نہ تھمے۔انہوں نے نظم کچھ یوں شیئر کی ہے : سہارا تُو ہی تھا بیٹا/میرے ان بوڑھے ہاتھوں کا/ابھی تو ہاتھ جوڑے تھے/تیری لمبی عمر مانگی تھی/بتا ان کانپتے ہاتھوں سے/جواں سالہ کی تربت پہ/میں مٹی ’خاک‘ ڈالوں گا۔



دوسری جانب اسامہ قمر کی کچھ روز قبل کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں مرحوم اسامہ قمر نے چند روز قبل ہاسٹل کے کمرے میں اپنے دوستوں سے گپ شپ کی۔ایک دوست نے اسامہ سے پیزہ کھلانے کا اصرار کیا۔جس پراسامہ نے کہا کہ میں کھلا دوں گا، انہوں نے کہا کب کھلاؤ گے؟ اسامہ نے دوست کے ہاتھ پر ہاتھ مارتے ہوئے کہا کہ اگلے مہینے پاکٹ منی ملے گی، تو میں نے آپ کو پیزہ نہیں بلکہ آواری یا پی سی ہوٹل میں کھانا کھلانا ہے۔لیکن کیا پتا تھا کہ اس کی زندگی بہت تھوڑی ہے۔واضح رہے کہ رمضان شریف میں جمعے کے روزاسامہ اپنے دوست کے ساتھ گاڑی میں پٹرول ڈلوانے جا رہے تھے کہ موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے گاڑی درخت سے ٹکرا گئی، گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرائی، جس میں اسامہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کا دوست ہسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔جواں بیٹوں کی موت کی خبر سن کردونوں گھرانوں میں قیامت آگئی ۔ہُو کا عالم تھا، ہر آنکھ اشکبار تھی، قمر زمان کائرہ کو بیٹے کے حادثے کی خبر پریس کانفرنس کے دوران دی گئی، جوان بیٹے کی وفات کی خبر بوڑھے باپ کو اور کمزور ضعیف کرگئی۔بتایا گیا ہے کہ قمر زمان کائرہ نے خبر سن کر ہوش وحواس قائم رکھے، لیکن بعد میں سکتے کا عالم تھا۔وہ سیدھے اسلام آباد سے لالہ موسیٰ اپنے گھر پہنچے۔بیٹے کی وفات پر تمام طبقات سیاستدان، حکومتی اور سماجی شخصیات،میڈیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اظہار تعزیت کیا،سوشل میڈیا پر عوام نے ان کے ساتھ اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعائیں کیں۔قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ کائرہ اور اس کے دوست حمزہ بٹ کولالہ موسیٰ نوگزہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو،آصف زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت حکومتی ، سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں