دپیکا رنویرکے پہلے استقبالیے کی شاندارتقریب کی میڈیا پردھوم

2018 ,نومبر 22



بنگلورو(مانیٹرنگ ڈیسک): گزشتہ روزبالی ووڈ کی نئی شادی شدہ جوڑی دپیکا پڈوکون اوررنویر سنگھ کے پہلے استقبالیے کی شاندار تقریب بنگلورو میں منعقد کی گئی۔ بالی ووڈ کی اسٹارجوڑی دپیکا پڈوکون اوررنویرسنگھ کی چند روز قبل اٹلی کے خوبصورت مقام لیک کومو میں شادی کے بعد گزشتہ روز پہلے ریسیپشن (ولیمے) کی تقریب منعقد کی گئی۔ اسٹارجوڑی نے اپنے ولیمے کی تصویرسوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ دونوں کے استقبالیے کی تقریب بنگلورو کے لیلا پیلس ہوٹل میں منعقد کی گئی۔

استقبالیے کی تقریب میں رنویرسنگھ سیاہ اور سنہری رنگ کی شیروانی میں کسی راجمکارسے کم نہیں لگ رہے تھے جب کہ دپیکا پڈوکون بھی سنہری سلک ساڑھی میں غضب ڈھارہی تھیں۔

حیرت انگیز طور پر دپیکا پڈوکون کی ساڑھی اور اداکارہ کنگنا رناوت کی ساڑھی کے درمیان مشابہت میڈیا کی نظروں سے اوجھل نہ رہ سکی تاہم سوشل میڈیا صارفین نے دونوں اداکاراؤں کو سنہری ساڑھی میں خوبصورت قراردیا۔

صرف کنگنا ہی نہیں سوشل میڈیا صارفین دپیکا کے اسٹائل کو انوشکا کے استقبالیے کے اسٹائل سے بھی ملاتے رہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ دپیکا نے انوشکا کا اسٹائل کاپی کیا ہے۔

دپیکا رنویر کے پہلے استقبالیے کی تقریب میں کسی بالی ووڈ اسٹار نے شرکت نہیں کی تاہم دونوں کے ممبئی میں ہونے والی مزید دو استقبالیے کی تقریب میں بالی ووڈ اسٹارزکومدعو کیاگیا ہے۔

متعلقہ خبریں