2018 ,دسمبر 6
نئی دہلی (مانیٹرنگ رپورٹ) بھارتی شہر کلکتہ میں ایک لڑکی نے اپنے شوہر ہی کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس لڑکی کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ اس نے اپنے شوہر کے خلاف دائر کروائے گئے مقدمے میں بتایا ہے کہ ”میرے حاملہ ہو جانے کے باوجود میرے شوہر نے کئی بار مجھے جبری طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔“ پولیس کی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ لڑکے والوں نے رشتہ کرتے وقت لڑکے کی نوکری کے متعلق لڑکی والوں سے جھوٹ بولا تھا۔
انہوں نے لڑکی والوں کو بتایا تھا کہ لڑکا ایک پرائیویٹ بینک میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہے لیکن جب لڑکی بیاہ کر سسرال گئی تو اسے معلوم ہوا کہ وہ ایک چھوٹی سی پرائیویٹ فرم میں جونیئر ملازم ہے۔ شادی کے چند دن بعد اس نے وہ نوکری بھی چھوڑ دی۔
لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ ”لڑکے والوں کا یہ جھوٹ پکڑے جانے پر میں بددل ہو گئی اور اپنے شوہر سے کترانے لگی جس پر اس نے میری رضامندی کے بغیر مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ میرے سسرالی بھی مجھ پر تشدد کرنے لگے تھے جس کے بعد میرے پاس ان کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے سوا کوئی راستہ ہی نہیں بچا تھا۔“ایک پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ ”ہم اس کیس کا تمام پہلوﺅں سے جائزہ لے رہے ہیں اور مکمل تفتیش کرنے کے بعد ہی کوئی حتمی نتیجہ اخذ کریں گے۔“ رپورٹ کے مطابق اس واقعے پر خواتین کے حقوق کی تنظیمیں بھی متحرک ہو گئیں ہیں اور انہوں نے مطالبہ کر دیا ہے کہ انڈین پینل کوڈ میں ازدواجی جنسی زیادتی کے انسداد کے لیے بھی سیکشن شامل کیا جائے۔