رانا ثناء اللہ کی گرفتاری ۔۔۔ وفاقی وزیر شہریار آفریدی لیگی رہنماء کے حق میں میدان میں آگئے، بڑی بات کہہ دی

2019 ,جولائی 1



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) رانا ثناء اللہ ہمارے کولیگ ہیں، ہمیں سب کو عزت دینی ہے، نئے پاکستان میں سب برابر ہیں، ہمارا کسی سے ذاتی اختلاف نہیں، گرفتاری سےمتعلق جیسے ہی رپورٹ آئےگی بتاؤں گا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کی جانب سے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری پر ردعمل دیا گیا ہے۔ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد وہ اس معاملے پر تفصیلی ردعمل دیں گے۔وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ رانا ثناء اللہ ہمارے کولیگ ہیں اور ہمیں سب کو عزت دینی ہے۔ نئے پاکستان میں سب برابر ہیں ہمارا کسی سے ذاتی اختلاف نہیں ہے۔ ڈی جی اے این ایف سے راناثناء کی گرفتاری سےمتعلق رپورٹ مانگی ہے۔ تفصیلات آ جائیں پھر ہی حکومت کی جانب سے ردعمل دیا جائے گا۔واضح رہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے پیر کے روز ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کو حراست میں لے لیا۔ذرائع اے این ایف کا کہنا ہے کہ متعدد منشیات فروشوں کا تعلق رانا ثناء اللہ سے ہے۔ رانا ثناء اللہ سے اس معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ منشیات فروشوں کے کالعدم تنظیموں سے بھی رابطے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی سیکرٹری اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تصدیق کی ہے کہ اے این ایف نے رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ رانا ثناء اللہ پارٹی اجلاس میں شرکت کیلئے فیصل آباد سے لاہور آ رہے تھے کہ سکھیکی کے قریب انہیں گرفتار کرلیا گیا۔گرفتاری کے ساتھ ہی رانا ثناء اللہ، ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈز کے موبائل فون بند ہوگئے۔ واضح رہے فیصل آباد سے رانا ثناء اللہ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی اورن لیگ پنجاب کے صدر بھی ہیں۔ رانا ثناء اللہ بڑے متحرک ن لیگی رہنماء ہیں۔ اسی طرح رانا ثناء اللہ پر کالعدم تنظیموں سے رابطوں اور مالی معاونت کے الزامات بھی ہیں۔ سابق صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ کا نام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی ملزمان کے طور پر بھی لیا جاتا ہے۔ن لیگ کے مرکزی رہنماء رانا ثناءاللہ نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ایم پی ایز سے متعلق بھی انتہائی سخت بیان دیا تھا۔ رانا ثناءاللہ نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں لوٹا کریسی کے لیے خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔ 15 ارب میں اتحادی خریدنے والی حکومت اب لیگی ارکان کو خریدنا چاہتی ہے۔ صوبائی صدر ن لیگ نے کہا کہ لیگی ارکان کوتوڑنے کیلئے خزانے کے منہ کھول دیئے گئے۔عمران خان کو لیگی ارکان کو خریدنے میں منہ کی کھانی پڑے گی۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ حکومت عوام دشمن بجٹ سے توجہ ہٹانے کیلئے جھوٹا پروپیگنڈا کررہی ہے۔ کسی رکن نے لوٹا بننے کی کوشش کی تواسے رکنیت استعفے کی صورت میں لوٹانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی لوٹا ہوا تواس سے قیادت استعفیٰ طلب کرےگی۔ اگرکوئی لوٹا ہوا تو کارکن ان کے گھروں کا گھیراؤ کریں گے۔ لوٹا رکن کے گھر کے گھیراؤکی قیادت خود کروں گا۔

متعلقہ خبریں