دوست کے ساتھ مل کر بیوی پر تشدد کرنے اور بال کاٹنے والا درندہ صفت شوہر اپنے انجام کو پہنچ گیا ، ایسا کام ہوگیا جو پوری قوم چاہتی تھی

2019 ,مارچ 27



لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) دوست کے ساتھ مل کر بیوی پر تشدد کرنے اور بال کاٹنے والے شوہر گرفتار کر لیا گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ملزمان کو کاہنہ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔ملزم پر دوست کے ہمراہ اپنی بیوی پر تشدد کرنے اور بال کاٹنے کا الزام عائد ہے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں میاں فیصل اور راشد علی شامل ہیں۔پولیس دونوں ملزمان سے مزید تفتیش کرے گی۔ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے میاں بیوی میں اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا تاہم تین روز قبل یہ شدت اختیار کر گیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارخان آفریدی نے ڈیفنس لاہور میں خاتون پر مبینہ تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب کو واقعے کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے بدھ کو ایک بیان میں وزیرمملکت نے ملزم کے خلاف فوری ایکشن اور معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا شہر یار آفریدی نے کہاکہ تحقیقات میں الزامات کے حوالے سے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ شہریار آفریدی نے کہاکہ قوم کی بیٹیوں کے تحفظ کی ذمہ دار ریاست ہے۔ ہماری بیٹیاں لاوارث نہیں ہیں۔ حکومت اس امر کو ممکن بنائے گی کہ ہماری بہنیں اور بیٹیاں ہر جگہ محفوظ رہیں۔ شہریارخان آفریدی نے کہاکہ خواتین کو مقتدر بنانا اور انکی عزت اور احترام کو یقینی بنانا تحریک انصاف کا مشن ہے۔واضح رہے اسماء عزیز نے اپنی بِپتا سُناتے ہوئے بتایاتھا کہ اُس نے چار سال قبل ایک نوجوان میاں فیصل سے پسند کی شادی کی تھی۔ شروع شروع میں تو وہ اُس پر جان نچھاور کرتا رہا، مگر پھر آہستہ آہستہ اُس کی عیش پرست طبیعت سے پردہ اُٹھتا چلا گیا۔ ازدواجی رشتے کی حُرمت سے ناآشنا یہ نوجوان اپنی ہی طرح کے عیاش دوستوں کو گھر پر لانے لگا۔ اپنی بیوی کو ان دوستوں سے ملنے اور پھر ڈانس کرنے پر مجبور کرتا۔ جب خاتون نے مبینہ طورپر اپنے خاوند کے ان بے شرم تقاضوں کو پُورا کرنے سے انکار کر دیا تو وہ اُس سے سختی سے پیش آنے لگا۔ خاتون نے جب اپنے خاوند کے خلاف تہذیب تقاضوں کے آگے ہتھیار نہ ڈالے تو بدکردار خاوند نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر خاتون کو شدید تشدد کا سامنا بنا ڈالا۔ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ اُس کے خاوند اور دیگر افراد نے مل کر اُسے پائپوں سے بُری طرح پیٹ ڈالا اور اُس کے سر کے سارے بال بھی مُونڈھ ڈالے۔

متعلقہ خبریں