دپیکا پڈوکون کو عرب مداحوں کی جانب سےسالگرہ کا انوکھا تحفہ

2018 ,جنوری 9



ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): دپیکا پڈوکون کی 32 ویں سالگرہ کے موقع پر جہاں ان کے چاہنے والوں کی جانب سے انہیں ڈھیروں مبارکبادیں موصول ہورہی ہیں وہیں ان کے عرب پرستاروں نے انوکھا تحفہ دے کران کا دل جیت لیا۔ دپیکا پڈوکون کے پرستار ناصرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں موجود ہیں جو مختلف اور انوکھے طریقوں سے ان کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں دپیکا پڈوکون کے عرب مداحوں نے اداکارہ کی 32 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے نام سے ایک ہینڈ پمپ لگایا ہے جس سے وہ تمام لوگ پینے کا پانی حاصل کرسکیں گے جو صاف پانی جیسی بنیادی نعمت سے محروم ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون کے مداحوں نے ٹوئٹر پر ’دپیکا کےعرب فینز(مداح)‘ کے نام سے ایک اکاؤنٹ بنایاہوا ہے جس میں شامل تمام افراد دپیکا سے اپنی محبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں عرب فینز کلب نے دپیکا کی سالگرہ کے موقع پران کے نام سے بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں رادھا نگر میں ضرورت مندوں کے لیے ایک ہینڈ پمپ لگایا ہے اور اس پر دپیکا کے نام کی تختی بھی لگائی گئی ہے۔ اس ہینڈ پمپ سے وہاں موجود غریب افراد صاف پانی کی سہولت سے فیض یاب ہوسکیں گے۔

View image on TwitterView image on TwitterView image on TwitterView image on Twitter

دپیکا پڈوکون نے اپنے مداحوں کی کاوش کو سراہتے ہوئے ناصرف اس خوبصورت تحفے کی تصاویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرری ٹوئٹ کیں بلکہ ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو ایک بہتر اور خوشحال جگہ بنانے کے لیے آپ کی خدا ترسی اور سخاوت دیکھ کر میرا دل بھرآیا ہے۔ یہ میری زندگی کا سب سے خوبصورت تحفہ ہے، میں آپ سے بہت محبت کرتی ہوں اور آپ پر فخر کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ 5 جنوری کو دپیکا پڈوکون نے اپنی 32 ویں سالگرہ اپنے قریبی دوست رنویر سنگھ کے ساتھ سری لنکا میں منائی تھی جس کے بعد سے میڈیا میں دونوں کی منگنی کی افواہیں گردش کررہی ہیں۔

متعلقہ خبریں