ٹرمپ کی دورہ پاکستان کی خواہش ،کشمیر پر ثالثی ،افغانستان میں فوج کم کرنے کا اعلان

2019 ,جولائی 22



 

واشنگٹن (مانیٹرنگ رپورٹ) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہا کہ دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی تو ضرورجاﺅں گا ، پاکستان افغانستان میں ہماری بہت مدد کر رہا ہے، پاکستان افغانستان میں لاکھوں جانیں بچانے کا سبب بنے گا ، مسئلہ کشمیر پر دونوں رہنماء بڑا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وائٹ ہاﺅس میں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ون آن ون ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ افغانستان میں افواج کی تعداد کم کررہے ہیں، اگر مدد کرسکا تو مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کرنا پسند کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بہت مضبوط ہیں ، امریکہ اچھے تعلقات چاہتاہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے انتہائی مقبول وزیر اعظم ہیں ، پاکستا ن اور بھارت کے کشیدہ تعلقات کا علم ہے ، پاک بھارت تعلقات میں بہتری پر بات ہوگی ، بھارتی وزیراعظم نے بھی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مجھے کہا ہے ، امریکہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے کردار ادا کر سکتا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی وزیراعظم مودی سے بات کروں گا۔ آج وزیر اعظم عمران خان سے بہت اہم اور خوشگوار ملاقات ہوئی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ افغانستان سے فوجی انخلاءکیلئے پاکستان کا تعاون بہت ضروری ہے،پاکستان ایک عظیم ملک ہے ، میرے پاکستان سے اچھے دوست ہیں، وزیر اعظم عمران خان کا خیر مقدم کرتے ہیں، افغانستان میں پولیس مین کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتے ،امید ہے کہ افغان امن کے عمل میں کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں1.3ارب ڈالر کی امداد دینے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں