رانا ثنا ءاللہ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب پر برس پڑے

2019 ,جون 30



اسلام آباد(مانیٹرنگ رپورٹ) رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ شہباز گل ہماری قیادت کے بارے میں احترام سے بات کریں ، اگر ہم نے بات کی تو بات خاور مانیکا کے گھر سے شروع ہوگی اور مراد سعید کی چیخوں تک جائیگی ۔ جیونیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا ءاللہ اس وقت ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب پر برس پڑے جب شہباز گل نے کہاکہ شریف خاندا ن کے اپنے اندر لڑائی موجود ہے ۔رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ یونس انصاری ایسا کردار ہے جس کو اس ایشو کو پھیلانے کیلئے چنا گیاہے ، موجودہ حکومت کی بنیاد ہی فراڈ اور جھوٹ ہے ، اس ٹولے نے عمران خان سے لیگی ارکان کی ملاقات کا جو شوشہ چھوڑا ہے، اس کا مقصد ہے کہ لوگوں کی توجہ بجٹ اور مہنگائی سے ہٹ جائے اور ایسا ہی ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ آدمی جو منتخب ہے اگر وہ مستعفی ہوکر دوسری پارٹی میں جاتاہے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن اگر وہ ویسے ہی جاتاہے تو پھر وہ لوٹا ہے اورلوٹے کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

رانا ثنا ءاللہ کا کہنا تھا کہ جب تک کوئی آدمی یہ نہیں کہتا کہ اس نے وفاداری تبدیل کی ہے ، اس کی تصدیق کیسے کی جاسکتی ہے ؟عمران خان سے اگر کسی نے ملاقات کی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں، جن لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں ان میں سے دوتین لوگوں سے میرارابطہ ہواہے اور ان کی جانب سے تردید کی گئی ہے ، ان میں ایک فیصل نیازی ہیں ۔ ہم کسی کو اپنی پارٹی کا مینڈیٹ چرانے نہیں دیں گے جو دوسری طرف جائے گا اس سے استعفیٰ طلب کریں گے ۔

متعلقہ خبریں