کرکٹر گوتم گھمبیر خواجہ سراﺅں والا لباس پہن کر سامنے آگئے کیونکہ۔۔۔

2018 ,ستمبر 15



ممبئی (مانیٹرنگ رپورٹ) بھارتی کرکٹ سٹار گوتم گھمبیر آج کل بھارت کے لئے نہیں کھیل رہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ خاموشی سے گھر بیٹھے ہیں۔اُن کی ایک تازہ ترین تصویر سوشل میڈیا پر آئی ہے اور آتے ہی وائرل ہو گئی ہے۔ اور آپ بھی یہ تصویر دیکھ کر ضرور سوچیں گے کہ سٹار بلے باز نے زنانہ لباس کیوں پہن رکھا ہے۔ دراصل گوتم گھمبیر خواجہ سراﺅں کے سالانہ فنکشن ’ہیجڑا ہبہ‘ کے موقع پر مہمان خصوصی تھے اور خواجہ سراﺅں نے فیصلہ کیا کہ مہمان خصوصی بھی انہیں کی طرح نظر آئیں تو اچھا رہے گا۔ تو بس انہوں نے گوتم کو بھی زنانہ لباس پہنا دیا، جس میں وہ بہت دلکش اور خوش نظر آئے۔

انہوں نے ’ہیجڑاہبہ‘ کے ساتویں ایڈیشن کا افتتاح کیا اور اس موقع پر وہ خواجہ سراﺅں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ اس سالانہ پروگرام کا انعقاد شماری سوسائٹی کی جانب سے کیا جاتا ہے جس کا مقصد خواجہ سرا برادری کے مسائل کو اجاگر کرنا اور معاشرے میں ان کے لئے مساوی مواقع کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔

گوتم گھمبیر نے اس موقع پر بنائی گئی ایک تصویر سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی، جس کے ساتھ لکھا ”مرد یا عورت ہونا اہم نہیں بلکہ یہ اہم ہے کہ ہم سب انسان ہیں۔ میں قابل فخر ہیجڑوں ابھینا آہر اور سمرن شیخ کے ساتھ ہوں اور ان کے پیار کی نشانی راکھی میرے بازو پر بندھی ہے۔ یہ جیسے ہیں میں انہیں اسی طرح قبول کرتا ہوں، اور آپ؟“

متعلقہ خبریں