امریکی اخبار نے بھارتی فوج کی قابلیت اور صلاحیت کا بھانڈا پھوڑ دیا

2019 ,مارچ 4



نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک): امریکی اخبار نے بھارتی فوج کی قابلیت اور صلاحیت کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے لکھا ہے کہ نصف صدی بعد ہونے والے فضائی معرکے میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا۔ عالمی میڈیا نے بھارتی فوج کی قابلیت اور صلاحیت کا بھانڈا پھوڑ دیا، عالمی تجزیہ کار مودی کی بڑھکوں کو انتخابی مہم قرار دے رہے ہیں اور پست حوصلہ بھارتی فورسز کی صلاحیت پر لاجواب سوالات کھڑے دیئے ہیں۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان نصف صدی کے بعد فضائی معرکہ آرائی دیکھنے میں آئی جس میں پاکستان نے دن کی روشنی میں2 بھارتی جنگی طیارے گرانے اور پائلٹ کی گرفتاری کے ناقابل تردید ثبوت پیش کیے۔

دوسری جانب مودی حکومت کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، رات کے اندھیرے میں کیے گئے بھارتی فضائیہ کے حملے میں سیکڑوں دہشت گردوں کی ہلاکت کے دعوؤں کی سچائی محض چند درخت اور کھیتوں کی تباہی کے سوا کچھ نہ نکلا۔ امریکی اخبار نے مزید انکشاف کیا کہ مودی انتخابی جلسوں میں جذبات بھڑکانے کے لیے حقائق کو مسخ کررہے ہیں، حقیقت حال یہ ہے کہ بھارت کے پاس اپنی فوج کو دینےکے لیے صرف 10 دن کا اسلحہ موجود ہے۔ بھارتی وزیراعظم مودی اتحاد اتحاد کی گردان کر رہے ہیں لیکن بھارتی سیکیورٹی فورسز کا ’مورال ڈاؤن‘ ہے اور بھارتی بری، بحری اور فضائی فوج جنگ کی تیاری کے بجائے آپس کی اندرونی لڑائیوں میں مصروف ہیں۔ نیویارک ٹائمز نے مزید لکھا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران دونوں ممالک کی جنگی صلاحیت کا عملی مظاہرہ سامنے آگیا جس میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا۔ جنگی حکمت عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور ہدف کے حصول میں کامیابی کے تناسب میں پاکستان بھارت سے بہت آگے ہیں۔

متعلقہ خبریں