بلاول مریم کی متوقع ملاقات، فردوس عاشق اعوان بھی میدان میں آگئیں

2019 ,جون 15



اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ بلاول اور مریم نواز کی ملاقات ایک نسل کی واردات کا دوسری نسل کی جانب سے تحفظ کرنا ہے،ان کا بس ایک ہی خیال ہے کہ کسی طرح سیاسی انتشار پیدا کرکے عمران خان کوکمزور کریں تاکہ نیب کے شکنجے کوڈھیلا کرکے مرضی کے فیصلے عدالتوں سے لے سکیں ۔

    دنیا نیوز کے پروگرام ”اختلافی نوٹ“میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ حکومت ملک میں اداروں کو با اختیار بنانا چاہتی ہے اور چاہتی ہے کہ پاکستان میں سب کیلئے یکساں قانون اور یکساں رویئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن ملک میں جلسے کرتی ہے تو اپوزیشن کو ذاتی طور پر زندہ رہنے کیلئے کوئی چورن تو بیچنا ہے ، اگر وہ آہ بکا نہیں کریں تو میڈیا میں ان پر توجہ کون دیگا ، حکومت کے کام بولتے ہیں اور اپوزیشن کی زبان بولتی ہے ، حکومت کے کام بولیں گے اور ہم جو اصلاحات لیکر آرہے ہیں ، اس پر ہم اپنی کارکردگی کا جواب بھی دیں گے ، ہم جوا ب دینگیں اور جواب مانگا بھی جائے گا ، ماضی اور آج کی قیادت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم بھاگنے والے نہیں ہیں جب میڈیا کی جانب سے بلایا جائے گا تو ہم جائیں گے اور جواب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اور مریم نواز کی ملاقات ایک نسل کی واردات کا دوسری نسل کی جانب سے تحفظ کرنا ہے ۔ ان کا بس ایک ہی خیال ہے کہ کسی طرح سیاسی انتشار پیدا کرکے عمران خان کوکمزور کریں تاکہ نیب کے شکنجے کوڈھیلا کرکے مرضی کے فیصلے عدالتوں سے ملنا شروع ہوجائیں۔

    متعلقہ خبریں