عمران خان کو اپنی الزام تراشیوں کی مہم ختم کرنی چاہئیے۔۔۔ ‘‘ کہتے ہوئے ریحام خان ، شہباز شریف کو پیاری ہوگئیں

2019 ,جولائی 15



لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ اسکینڈل سامنے آنے پر ریحام خان نے موجودہ حکومت کو ہی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ حکوت کو اپنی الزام تراشیوں کی مہم ختم کرنی چاہئیے ۔شاہد خاقان عباسی کے سفری اخراجات یا شہباز شریف کی ڈی ایف آئی ڈی فنڈ میں کرپشن کے بے بنیاد الزامات پاکستانی عوام کا پیٹ نہیں بھر سکتے اور نہ ہی اپوزیشن پر ایسے بھونڈے الزامات لگانے سے سیلیکٹڈ وزیراعظم کے رُتبے میں کوئی اضافہ ہو گا ۔انہوں نے روٹی کی قیمت میں اضافہ ہونے کی خبروں پر بھی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ حکومت کتنی کم عقل اور بے حس ہے۔لوگوں کے پاس 20 روپے کی روٹی خریدنے تک کے لیے پیسے نہیں ہیں۔



یاد رہے کہ برطانوی اخبار کے صحافی نے دعویٰ کیا تھا کہ شہبازشریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کے لیے دی جانے والی امداد میں سے چوری کی۔ برطانوی امدادی ادارے نے پنجاب کے لیے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کا انکشاف برطانوی شہری آفتاب محمود نے کیا۔امداد میں سے چوری کیے گئے لاکھوں پاؤنڈز پہلے برمنگھم منتقل کیے گئے، پھرپیسے مبینہ طور پر شہباز شریف کے برطانوی بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہوئے۔ دوراقتدارمیں شہبازشریف کے اکاؤنٹس میں لاکھوں کی مشتبہ ٹرانزیکشن ہوئی، 2003ء میں شریف خاندان کے اثاثے ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ تھے۔ جس کے بعد 2018ء میں شریف خاندان کے اثاثے 20 کروڑ پاؤنڈ تک پہنچ گئے، مبینہ منی لانڈرنگ کا پیسہ شہبازشریف کی اہلیہ، بچوں اورداماد کو منتقل ہوا۔ شہباز شریف نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے اپنے خلاف سیاسی انتقام قرار دیا تھا لیکن برطانوی صحافی شہباز شریف کی جانب سے تردید سامنے آنے کے باوجود اپنی خبر پر قائم ہے۔

متعلقہ خبریں