شیخ رشید نے بھارت کی درخواست مسترد کردی

2019 ,اگست 11



لاہور (مانیٹرنگ رپورٹ) وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس بحال کرنے کا مطالبہ مسترد کرتا ہوں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کشمیر کی تحریک آزادی ایک بار پھر آہستہ آہستہ اٹھے گی، سرینگر میں بھارت کا سیاسی، معاشی جنازہ نکل جائے گا، تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں جاگتے رہنا، شاید ہمارا قرض اتارنے کا وقت آ گیا ہے، جب کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں لال حویلی کا ایک کردار ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ سوچ سمجھ کر تھر اور سمجھوتہ ایکسپریس بند کی، بھارت وزارت خارجہ کی نظرثانی کی درخواست مسترد کرتا ہوں اور جب تک میں وزیر ہوں سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس نہیں چلے گی، بھارت سے مذاکرات کے سارے راستے بند ہو چکے ہیں، مذاکرات ہوئے تو لوگ کہیں گے سب کچھ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہو رہا ہے تاہم بھارت سے تعلقات میں نظرثانی کا فیصلہ وزارت خارجہ نے کرنا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ میرے خیال میں مودی حکومت ٹریپ ہو گئی ہے، مودی ازم ہٹلر کی کاپی اور نازی ازم کی داستان ہے، کشمیری جینئس قوم ہے، مودی نے سیاسی خودکشی کا فیصلہ کیا، وقت ثابت کرے گا مودی کا فیصلہ انڈیا کی معیشت اور امن کو تباہ کر دے گا، ایرانی،ترکی،عربی سب کشمیر پر بولیں گے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا جو کچھ ہوا یو این قراردادوں کے خلاف ہے۔ 

    متعلقہ خبریں