’’ ہار اور ڈر کو بھول جائیں ۔۔۔‘‘ پاک بھارت ٹاکرے سے قبل عمران خان بھی میدان میں آگئے، پاکستانی ٹیم کو بڑا مشورہ دے دیا

2019 ,جون 15



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاک بھارت میچ سے پہلے وزیر اعظم عمران خان بھی میدان میں آگئے اور قومی ٹیم کو قیمتی مشورہ دے دیا۔کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے سب سے بڑے مقابلے سے قبل دنیا بھر کے شائقین کو کرکٹ کا بخار چڑھا ہوا ہے۔ پاکستان اور بھارت میں تو یہ میچ ایک جنگ کی صورت اختیار کرچکا ہے اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے پاک بھارت میچ کو زندگی اور موت کا مسئلہ بنایا ہوا ہے۔ میچ سے پہلے کی حالیہ گرمی میں وزیر اعظم عمران خان نے بھی قومی ٹیم کو اہم مشورہ دیا ہے۔ یہ مشورہ وزیر اعظم کی جانب سے ایسے وقت میں سامنے آیا جب وہ ایک اہم ترین اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پاک بھارت میچ کے بارے میں کہا پاکستانی ٹیم کو دلیری دکھانا ہو گی، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ ہار اور ڈر کو بھول کر دلیری سے اپنا کھیل کھیلیں۔ دوسری جانب مانچسٹر میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل تیز بارش شروع ہوگئی ہے ، کہا جارہاہے کہ کہ کل پاک بھارت میچ سے قبل بھی بارش شروع ہونے کا امکان ہے۔مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں 16 جون کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جس کا کرکٹ شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔تاہم شائقین کرکٹ کے لیے بری خبر یہ ہے کہ اس وقت مانچسٹر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور برطانوی محکمہ موسمیات نے 16 جون کو بارش کی پیشگوئی کی ہے۔برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق 16 جون کو مانچسٹر میں صبح 10 بجے سے بارش کے 50 فیصد امکانات ہیں۔

متعلقہ خبریں