پاکستانی اداکار فوادخان کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

2017 ,دسمبر 25



کراچی(مانیٹرنگ ڈسیک):پاکستانی ہیرو فواد خان ویسے تو بولی وڈ میں کامیابیوں کے جھنڈے پہلے ہی گاڑ چکے ہیں، تاہم اب لگ بھگ 2 سال بعد انہیں ایک اور بھارتی فلم میں کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ فواد خان نے 2014 میں ریلیز ہونے والی بولی ڈ فلم ’خوبصورت‘ سے ڈیبیو کیا تھا،جس کے بعد ان کی ایک اور فلم ’کپور اینڈ سنز‘ ریلیز ہوئی۔فواد خان کی تیسری بولی وڈ فلم ’اے دل ہے مشکل‘ تھی، جو 2016 میں ریلیز ہوئی، 2017 ان کے لیے اچھا سال ثابت نہیں ہوا، اور انہیں بولی وڈ میں کوئی فلم نہ ملی، تاہم سال بھر بھارتی میڈیا میں ان کے چرچے رہے۔اب خبر ہے کہ فواد خان کو ایک اور بولی وڈ فلم میں عالیہ بھٹ اور سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔ بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق فلم ’(ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) پروڈیوسر اور لکھاری پنکج ڈوبے اپنی کتاب ’ لو کری‘ پر فلم بنانے جا رہے ہیں، جس میں تین مختلف ممالک کے نوجوانوں کی زندگی کو دکھایا جائے گا۔پنکج ڈوبے کے مطابق وہ فلم میں ہندوستانی، پاکستانی اور بنگلہ دیش کے نوجوانوں کی زندگی اور ان کی جانب سے اپنے اپنے ممالک کے کلچر اور تہذیب سے پیار کو دکھائیں گے۔

ان کے مطابق فلم کے اسکرپٹ کے لکھنے کا کام شروع کردیا گیا، جب کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس فلم میں فواد خان اور سشانت سنگھ راجپوت کے علاوہ عالیہ بھٹ کو کاسٹ کیا جائے۔پنکج ڈوبے نے ابھی فلم کی کاسٹ کی تصدیق نہیں کی، تاہم انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہی اداکار فلم کی کاسٹ کے لیے بہتر ہوں گے۔خیال رہے کہ فواد خان اور عالیہ بھٹ کپور اینڈ سنز میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں، جب کہ خوبصورت میں ان کے ساتھ سونم کپور نے کام کیا تھا۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اور کون سے اداکار شامل ہوں گے، اور نہ ہی فلم کو ریلیز کیے جانے کے حوالےسے کچھ کہا گیا ہے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ اس فلم کو 2018 کے آخر یا پھر 2019 کے آغاز میں ریلیز کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں