بالی ووڈ کے دبنگ خان شاعر بن گئے

2018 ,مارچ 16



ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار سلمان خان شاعر بن گئے، ان کے مداح بالی ووڈ کے دبنگ خان کا نیا انداز دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان ادکاری کے بعد اب شاعری کی دنیا میں قدم رکھ چکے ہیں، انہوں نے اپنی نئی فلم ’ریس تھری‘ کے گانے لکھنے کے لیے قلم اٹھا لیا ہے۔باصلاحیت اداکار اس سے قبل فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں ڈائیلاگ لکھ چکے ہیں جس پر انہوں نے بھرپور داد وصول کی تھی، سلمان خان اب فلم ’ریس تھری‘ کے گانے لکھ رہے ہیں، جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی اداکار کے والد سلیم خان بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اسکرپٹ رائٹر ہیں جو ماضی میں بلاک بسٹر فلم ’شعلے‘ کے لئے ڈائیلاگ لکھ چکے ہیں۔بالی وڈ سلطان ’’ ٹائیگر زندہ ہے‘‘ میں 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے اور فلم نگری میں اپنی دھاک بٹھانے کے بعد اپنے مداحوں کے لیے ’’ریس تھری‘‘ پراجیکٹ پر مستقل مزاجی سے کام کرہے ہیں۔ ان کے دیگر پراجیکٹس میں فلم ’’بھارت‘‘ اور ’’ویلکم ٹو نیویارک‘‘ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ریس کے ابتدائی حصوں میں سیف علی خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

ریمو ڈی سوزا کی ہدایت کاری میں بننے والے یہ فلم ریس کی تیسری کڑی ہے جس میں سلمان خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، فلم کی دیگر کاسٹ میں انیل کپور، جیکولین فرنینڈس، بوبی دیول، ثاقب سلیم اور پوجا ہیج شامل ہیں۔واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم ‘ریس تھری ‘اس سال عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں