چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کی کوششیں ، جہانگیر ترین بھی میدان میں آگئے، اپنے جہاز کے بارے میں بھی بڑا اشارہ دے گئے

2019 ,جون 28



اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ) اپوزیشن اتحاد کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی تبدیلی کی کوششوں کے بعد تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین میدانِ عمل میں نکل کھڑے ہوئے ہیں۔

جہانگیر ترین نے وزیر اعظم عمران خان سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں انہیں ایم کیو ایم کو منانے کا ٹاسک سونپا گیا۔ اس سے قبل جہانگیر ترین بی این پی مینگل کو منانے کا ٹاسک پورا کرچکے ہیں جس کے باعث انہیں نئی ذمہ داری دی گئی ہے۔ جہانگیر ترین اب سے کچھ دیر بعد ایم کیو ایم کے وفد سے ملیں گے اور ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ جہانگیر ترین اور ایم کیو ایم کی ملاقات میں میئر کراچی کو فنڈز جاری کرنے اور ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت دینے کے حوالے سے بات ہوگی۔ جہانگیر ترین وزیراعظم چیمبر سے ذمہ داری کا بوجھ کندھوں پر لے کر نکلے تو صحافیوں نے انہیں گھیر لیا اور چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے حوالے سے سوالات پوچھنا شروع کردیے۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے کوئی پریشانی اور خطرہ نہیں ہے وہ منتخب ہوئے تھے اور اپنی ٹرم پوری کریں گے۔ایک صحافی نے جہانگیر ترین سے پوچھا ’کیا اس بار بھی آپ کا جہاز استعمال ہوگا؟‘ ۔ اس سوال پر جہانگیر ترین نے کہا ’اللہ خیر کرے گا‘۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین کے جہاز کے چرچے اس وقت پورے ملک میں پھیل گئے تھے جب انہوں نے پنجاب میں حکومت سازی کیلئے آزاد امیدواروں کو اپنے ساتھ ملانا شروع کیا تھا۔ وہ مختلف شہروں، ڈویژنز کا دورہ کرتے اور ہر بار 4 سے 5 آزاداراکین صوبائی اسمبلی کو بٹھا کر بنی گالہ پہنچادیتے تھے جس کے باعث ان کے جہاز کو وہ شہرت حاصل ہوگئی تھی جس کے چرچے کئی روز تک پاکستان کی سیاست میں گونجتے رہے۔

متعلقہ خبریں