سال 2017 میں دنیا سے رخصت ہونے والے بھارت کے مشہور اداکار
2017 ,دسمبر 10
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک): موت زندگی کی ایک ایسی حقیقت ہے جس کو کبھی جھٹلایا نہیں جاسکتا کیونکہ ہر جاندار کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔ تاہم اس میں کوئی عمر کی قید اور گنجائش نہیں ہوتی جب وقت آتا ہے تو انسان کو جانا ہی پڑتا ہے۔ سال کا آخری ماہ جاری ہے اور 2017 ہمیں الوداع کہنے والا ہے تو ہم نے سوچا کیوں نہ آپ کو رواں برس دنیا سے رخصت ہونے والے بولی وڈ کے بارے میں بتایا جائے۔
اوم پوری
مسلمانوں کے حق میں بولنے والے بھارتی اداکار اوم پوری سال 2017 کی ابتداء میں ہی دنیا کو چھوڑ گئے۔ انہوں نے آخری بار سلمان خان کی فلم ٹیوب لایٹ میں اپنی اداکاری کا جلوہ دکھایا۔ انہیں بھارتی سینما انڈسٹری میں بے شمار ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔
سونیکا چوہان
سونیکا چوہان ایک ماڈل اور ٹی وی میزبان تھیں۔ 29 اپریل 2017 کو وہ ایک کار حادثے میں شدیدی زخمی ہوئیں جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ اپنی جان کی بازی ہار چکی تھیں۔ ان کی عمر بامشکل 27 سال تھی۔
ششی کپور
بولی وڈ کے مشہور و معروف اداکار رواں ہفتے ہی 79 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئے۔ وہ ایک طویل عرصے سے علیل تھے اور ہسپتال میں داخل بھی تھے تاہم 4 دسمبر 2017 کو سانوں نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا اور وہ اپنے مداحوں کو روتا چھوڑ گئے۔
اِندر کمار
اِندر کمار کی موت کی خبر نے ان کے مداحوں سمیت دنیا بھر کے انسانوں کو حیران کردیا۔ وہ ابھی جواں عمری میں ہی تھے کہ ایک دل کے دورے نے ان کی جان لے لی۔ وہ محض 43 برس کے تھے۔
ریما لاگو
ریما لاگو کو بولی وڈ کی پسندیدہ ترین ماں کہا جائے تو غلط نہ ہوگا انہوں نے اپنی آخری سانس 18 مئی 2017 کو لی۔ ان کی موت کی خبر نے سب کو حیرانی میں مبتلا کردیا تھا۔
ونود کھنّا
ونود کھنّا کا شمار بولی وڈ کے بڑے اداکاروں میں ہوتا ہے وہ 27 اپریل 2017 کو خون کے کینسر کے باعث دنیا سے چل بسے۔
رام مکھرجی
فلم ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر رانی مکھرجی کے والد رام مکھرجی نے اپنی آخری سانس 22 اکتوبر 2017 کو لی۔