خارقمر میں دھماکا، پاک فوج کے تین افسران اور ایک اہلکار شہید

2019 ,جون 7



کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک): شمالی وزیر ستان کے علاقے خارقمر میں دہشت گردوں کے بارودی سرنگ دھماکے میں پاک فوج کے تین افسران اور ایک جوان شہید ہوگئے۔  شمالی وزیرستان کے علاقے خار قمر میں فورسز کو ایک بار پھر دہشت گردی کا سامنا ہے جہاں دہشت گردوں نے فوجی گاڑی کو سڑک پر نصب بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا جس کے باعث پاک فوج کے تین افسران لیفٹیننٹ کرنل، میجر، کیپٹن سمیت ایک جوان شہید جب کہ چار جوان زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں کریم آباد ہنزہ کے رہائشی لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ، کراچی کے رہائشی میجر معیذ مقصود بیگ، لکی  مروت سے تعلق رکھنے والے کیپٹن عارف اللہ اور چکوال سے تعلق رکھنے والے لانس حوالدار ظہیر شہید شامل ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ اسی علاقے سے چند دن قبل فورسز نے سرچ آپریشن کر کے چند سہولت کاروں کو پکڑا تھا اور پچھلے ایک ماہ میں فورسز کے10 جوان شہید اور 35 زخمی ہو چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں