معروف گلوکارہ مائلی سائرس نے بچپن کی محبت سے شادی کرلی، دولہا کے بارے میں جان کر مداح خوشی سے اچھل پڑیں گے

2018 ,دسمبر 27



لاس اینجلس (مانیٹرنگ رپورٹ) امریکہ کی معروف گلوکارہ و اداکارہ مائلی سائرس نے اپنی بچپن کی محبت معروف اداکار لیم ہیمز ورتھ سے شادی کرلی۔ دونوں کی شادی انتہائی سادگی کے ساتھ ہوئی جس میں صرف اہلخانہ اور قریبی دوست احباب نے شرکت کی۔

    گلوکارہ و اداکارہ مائلی سائرس نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔ ان کی شادی کیلیفورنیا میں ہونا تھی تاہم نومبر میں جنگل میں لگنے والی خوفناک آگ کی لپیٹ میں ان کا گھر بھی آگیا جس کے باعث ان کی شادی کی تقریب ریاست ٹینیسی میں واقع گھر میں ہوئی۔ 23 دسمبر کو ہونے والی شادی میں مائلی سائرس نے 8600 ڈالر کا لباس زیب تن کیا اور انتہائی مختصر اور سادہ تقریب میں صرف اہلخانہ اور قریبی دوست احباب نے شرکت کی۔

    مائلی سائرس اور لیم ہیمز ورتھ کی پہلی ملاقات 10 سال قبل فلم ’ دی لاسٹ سونگ‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ دونوں نے اس فلم میں انتہائی کم عمری میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ دونوں کی 2012 میں منگنی ہوئی لیکن اسی سال دونوں کا بریک اپ ہوگیا جس کے بعد 2015 میں اس جوڑے نے اعلان کیا کہ انہوں نے ایک بار پھر منگنی کرلی ہے۔ مائلی سائرس امریکن ہیں جبکہ لیم ہیمز ورتھ آسٹریلوی نژاد اداکار ہیں۔ لیم نہ صرف خود ہالی ووڈ کے صف اول کے اداکار ہیں بلکہ ان کے بڑے بھائی کرس ہیمز ورتھ بھی ہالی ووڈ کے منجھے ہوئے اداکار ہیں۔ کرس ہیمز ورتھ کے تعارف کیلئے اتناہی کافی ہے کہ ان کا معروف نام ’تھور‘ ہے۔

    متعلقہ خبریں